تلنگانہ ریاستی اسمبلی تحلیل - قرارداد کو گورنر کی منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-09-06

تلنگانہ ریاستی اسمبلی تحلیل - قرارداد کو گورنر کی منظوری

آج جمعرات 6/ستمبر دوپہر ایک بجے پرگتی بھون میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ تلنگانہ و سربراہ ٹی۔آر۔ایس نے تلنگانہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی یک سطری قرارداد پیش کی جس کو کابینی رفقاء نے متفقہ طور پر منطوری دے دی۔ اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ راج بھون روانہ ہو گئے جہاں اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق قرارداد کے مکتوب کو گورنر کے حوالے کیا۔ گورنر نے اس قرارداد کو منظور کرتے ہوئے اسمبلی رد ہونے کے متعلق احکامات جاری کئے اور کے سی آر سے خواہش کی کہ وہ اگلے انتخابات تک کارگزار وزیر اعلی کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائیں۔ چندرشیکھر راؤ نے گورنر کی سفارش کو قبول کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ کی ذمہ داری نبھانے کی حامی بھر لی ہے۔
واضح رہے کہ چندر شیکھر راؤ نے 2/جون 2014 کو وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ اس لحاظ سے ان کی حکومت کی مدت چار سال، تین ماہ اور چار دن رہی۔ تلنگانہ اسمبلی کی 119 نشستوں میں سے ٹی۔آر۔ایس نے اپنے بل پر 63 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ دو درجن کے قریب دیگر اراکین اسمبلی دیگر جماعتوں سے اپنی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے ٹی۔آر۔ایس میں شامل ہوئے تھے۔
ٹی۔آر۔ایس نے توقع ظاہر کی ہے کہ اکتوبر/نومبر میں الیکشن کمیشن جن چار ریاستوں (مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، میزورم اور راجستھان) میں انتخابات منعقد کرنے جا رہا ہے، تلنگانہ کو بھی اسی انتخابی شیڈول میں شامل کیا جائے گا۔ کارگزار وزیر اعلیٰ کے۔سی۔آر جمعہ کو حسن آباد (سدی پیٹ) کے پہلے انتخابی جلسے سے، جسے "پرجا اشیرواد سبھا" کا عنوان دیا گیا ہے، ٹی۔آر۔ایس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ دریں اثنا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی، انچارج آل انڈیا کانگریس کمیٹی آر۔سی۔کنٹیا کے ہمراہ انتخابی لائحہ عمل کی تیاری کے لیے دہلی روانہ ہو گئے جہاں وہ آج شام پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

Telangana governor accepts cabinet resolution to dissolve state assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں