اپنے دیور اداکار انیل کپور کی دختر اداکارہ سونم کپور کے رشتہ کے بھائی موہت ہاروا کی شادی میں شرکت کے لیے سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور چھوٹی بیٹی خوشی کے ساتھ دبئی گئی تھیں۔ ان کی بڑی بیٹی جھانوی کپور جو اگلے ماہ اپنی پہلی فلم کے ساتھ بالی ووڈ کے پردہ سیمیں پر جلوہ گر ہو رہی ہیں، والدہ کی وفات کے وقت ممبئی میں تھیں۔
بالی ووڈ کی بعض بہترین فلموں مسٹر انڈیا، نگینہ، صدمہ، چالباز، چاندنی اور خدا گواہ میں اپنی ناقابل فراموش اداکاری کے لیے سری دیوی جانی جاتی ہیں۔ پدم شری ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے 2012 میں 15 برس بعد فلم انگلش ونگلش کے ساتھ بالی ووڈ میں واپسی کی تھی۔ وہ آخری مرتبہ فلم "مام" 2017 میں دیکھی گئی تھیں۔
سینئر اداکاری کی بےوقت موت نے ملک کو چونکا دیا ہے۔ صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نے ان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے اداکارہ کی اچانک موت پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے سری دیوی کو لائق اداکارہ قرار دیا ہے۔
جنوبی ہند کے فلم اداکاروں اور سیاستدانوں رجنی کانت اور کمل ہاسن کو بھی سری دیوی کی اچانک موت کا یقین نہیں آیا۔ بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن جنہوں نے سری دیوی کے ساتھ 6 فلموں میں کام کیا تھا، کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سری دیوی کو موت کا اشارہ مل گیا تھا کیونکہ وفات سے چند منٹ قبل انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ پتا نہیں مجھے بےچینی کیوں ہو رہی ہے؟
لتا منگیشکر نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا ہے کہ سری دیوی دنیا سے وداع ہو گئی ہیں، وہ بونی کپور اور ان کی دونوں دختران کے دکھ میں شامل ہیں۔
بی جے پی بزرگ قائد ایل کے اڈوانی نے بھی دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ سری دیوی ہندوستانی فلم صنعت کی علامت تھیں وہ قومی یکجہتی میں ہندوستانی سینما کے رول کی عکاسی کرتی تھیں۔
قبل ازیں ہندوستانی سفیر متعینہ متحدہ عرب امارات نودیپ سنگھ سوری نے ٹوئٹ کر کے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ دبئی میں ہمارا قونصل خانہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ غمزدہ خاندان کو ہر ممکن مدد دی جائے۔ سری دیوی کو نعش پیر 26/فروری کو ذریعہ چارٹرڈ طیارہ دبئی سے ممبئی لایا جائے گا۔
اداکار اور سری دیوی کے دیور سنجے کپور نے کہا کہ سینئر اداکارہ کی اچانک موت سے پورا خاندان صدمے میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سری دیوی کو قلب کا کوئی عارضہ لاحق نہیں تھا۔ انہیں ہارٹ اٹیک کی کوئی ہسٹری نہیں تھی۔
وزیراعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے سری دیوی کی بے وقت موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سری دیوی نے تلگو، ٹامل، ہندی اور دیگر کئی ہندوستانی زبانوں کی فلموں میں کام کیا ۔ انہوں نے اپنی خوبصورتی ، رقص، اداکارانہ صلاحیتوں سے فلم شائقین کو بے حد متاثر کیا ۔ سری دیوی نے اپنی اداکاری کے ان منٹ نقوش چھوڑے ہیں یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں ان کے لاکھوں چاہنے والے ہیں۔ سری دیوی کی اچانک موت سے جہاں فلمی صنعت کو زبردست نقصان پہنچا ہے وہیں تلگو فلمی صنعت بھی رنج و الم میں ڈوبی ہوئی ہے۔
علیحدہ بیان میں وزیراعلیٰ آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ اے پی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اداکارہ سری دیوی کی اچانک موت پر گہرے دکھ کااظہار کیا ۔ نائیڈو نے اپنے بیان میں کہا کہ سری دیوی کی بے وقت موت پر انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔ وہ تلگو عوام کی مقبول اداکارہ تھیں ان کا شمار ملک کی ممتاز اداکاراوں میں ہوتا ہے ۔
Bollywood Icon Sridevi Dies At 54
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں