راہل گاندھی کو دی گئی نوٹس وجہ نمائی سے الیکشن کمیشن دستبردار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-18

راہل گاندھی کو دی گئی نوٹس وجہ نمائی سے الیکشن کمیشن دستبردار

الیکشن کمیشن، راہول کو دی گئی نوٹس وجہ نمائی سے دستبردار
ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا کی توسیع کے سبب متعلقہ قانون پر غور مکرر کی ضرورت: الیکشن کمیشن
نئی دہلی
پی ٹی آئی
الیکشن کمیشن نے آج وہ نوٹس وجہ نمائی واپس لے لی جو کانگریسی رہنما راہول گاندھی کو مثالی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر دی گئی تھی ۔ کمیشن نے کہا کہ جس دفعہ کے تحت یہ نوٹس جاری کی گئی، اب اس پر نظر ثانی کی جارہی ہے ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ کمیشن کا نظریہ یہ ہے کہ ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا میں کئی گنا توسیع کے سبب مثالی ضابطہ اخلاق ، قانون عوامی نمائندگی کی دفعہ126اور دیگر متعلقہ دفعات پر دوبارہ نظر ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ موجودہ اور ابھرتی ہوئی صورتحال کے چیلنجوں اور ضرورت سے نمٹا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی قانون کی ایک دفعہ میں ترمیمات تجویز کرنے کے لئے ایک پینل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ مذکورہ دفعہ رائے دہی سے48گھنٹے قبل انتخابی مہم روک دینے سے متعلق ہے۔ قبل ازیں کمیشن کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ وہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی رفتار کے ساتھ اپنی رفتار کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوگیا ہے ۔ آج رات جاری کردہ ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ پینل میں الیکشن کمیشن ، وزارت اطلاعات و نشریات وزارت قانون اور وزارت انفارمیشن ٹکنالوجی کے ارکان بھی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں نیشنل براڈ کاسٹرس اسوسی ایشن اور پریس کونسل آف انڈیا کے ارکان بھی اس میں شامل رہیں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی ایف آئی سی سی آئی میٹنگ، راہول گاندھی کے ٹی وی انٹر ویوز اور گجرات میں بی جے پی کے منشور کے اجراء پر تنازعات کے بعد مذکورہ حکم جاری کیا گیا تھا۔ مذکورہ ملاقات گجرات میں انتخابی مہم کے اختتام کے بعد ہوا تھا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ13دسمبر کو راہول گاندھی کے نام نوٹس وجہ نمائی، انتخابی قانون اور مثالی ضابطہ اخلاق کی بادی النظر میں خلاف ورزی پر جاری کی تھی۔
Election Commission drops show-cause notice on Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں