مرکزی بجٹ - ٹیکس رعایت متوقع ۔ پہلی مرتبہ ریل موازنہ بھی ضم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-02-01

مرکزی بجٹ - ٹیکس رعایت متوقع ۔ پہلی مرتبہ ریل موازنہ بھی ضم

مرکزی بجٹ - ٹیکس رعایت متوقع ۔ پہلی مرتبہ ریل موازنہ بھی ضم
نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی مالی سال2017-18کا بجٹ چہار شنبہ یکم فروری کو پیش کریں گے ۔ یہ بجٹ ایسے وقت پیش کیاجارہا ہے جب کہ ملک میں نوٹ بندی کے انتہائی جراتمندانہ تجربہ اور اشیاء و خدمات ٹیکس( جی ایس ٹی) کی شکل میں غیر معمولی ٹیکس اصلاحات پیش کی گئی ہیں۔ جی ایس ٹی کا نفاذ ہنوز زیر عمل ہے ۔ معاشی صورتحال کے اس ماحول میں سبھی کی نگاہ وزیر فینانس پر ٹکی ہوئی ہیں کہ وہ روایتی بریف کیس سے کیا نکالتے ہیں جو ملک میں آئندہ مالی سال کے لئے معاشی روڈ میاپ ثابت ہوگا ۔ وزیر فینانس کا یہ بجٹ این ڈی اے حکومت کا تیسرا مکمل بجٹ ہوگا جو روایت سے ہٹ کر وقت سے پہلے یعنی یکم فروری کو پیش کیاجارہا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد نئے مالی سال یکم اپریل سے قبل متعلقہ وزارتوں کو مختص کئے جانے والے فنڈس کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ گزشتہ سال بجٹ فروری کے آخری کام کے دن کو پیش کیاجاتا تھا ۔ ذرائع کے مطابق بجٹ صبح گیارہ بجے وزیر فینانس کی تقریر کے بعد پیش کیاجائے گا جس میں وہ ملک میں مختلف مرکزی اسپانسر کردہ اسکیمات کے لئے فنڈس کے اختصاص کا خاکہ پیش کریں گے ۔ یہ بجٹ این ڈی اے حکومت کے لئے فیصلہ کن اہمیت کا حامل سمجھاجارہا ہے ، جب کہ ملک میں اعلیٰ قدر والے کرنسی نوٹوں پر پابندی لگانے کے نتیجہ میں معیشت شدید نقدی بحران سے دوچار ہوئی اور لاکھوں عوام کے روزگار و آمدنی متاثر ہوئی ۔ ماہرین کے مطابق جیٹلی انفرادی ٹیکس کی حدمیں اضافہ کا اعلان کرسکتے ہیں ۔ یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ نقدی سے پاک لین دین کو فروغ دینے کے متعدد اقدامات کا اعلان کیاجاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں سرویس ٹیکس کو موجودہ چودہ فیصد سے بڑھا کر سولہ تا اٹھارہ فیصد کئے جانے کی بھی توقع ہے ۔ اس بجٹ کی یہ بھی خاصیت ہے کہ ریلوے بجٹ اس میں شامل کردیا گیا ہے جو تا حال علیحدہ طور پر پیش کیاجاتا تھا ۔ توقع ہے کہ دہلی، ہاؤڑہ اور دہلی ، ممبئی لائنوں پر دو سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینیں چلانے حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے بیس ہزار کروڑ روپے مختص کرنے اور زرعی اشیاء کے لئے خصوصی ٹرینوں کا وزیر فینانس ارون جیٹلی اعلان کریں گے ۔ بجٹ میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے نئی لائنوں کو بچھانے ، برقیانے ، اسٹیشنوں کی جدید کاری جیسے اقدامات خانگی شراکت داری سے انجام دینے کی تجاویز بھی بجٹ میں شامل ہوسکتی ہے ۔

کرنسی امتناع اور سرجیکل اسٹرائیک جراتمندانہ فیصلے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کا خطاب
نئی دہلی
پی ٹی آئی
صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج لوک سبھا و اسمبلی کے بہ یک وقت انتخابات اور الیکشنس کی فنڈنگ پر تعمیری بحث کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، دہشت گردی سے نمٹنے اور ایسی حرکتین کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی پابندہے۔ بجٹ اجلاس کے آغاز پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کالا دھن اور کرپشن سے نمٹنے حکومت کا نوٹبندی فیصلہ اور حقیقی خط قبضہ پر سرجیکل حملوں کا حوالہ دیا اور انہیں جراتمندانہ فیصلے قرار دیا ۔ اس پر ارکان نے میزیں تھپتھپائیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئے دن انتخابات سے ترقیاتی پروگرام ٹھپ پڑ جاتے ہیں۔ عام زندگی درہم برہم ہوجاتی ہے اور لازمی خدمات متاثر ہوتی ہیں۔ طویل انتخابی ڈیوٹی کے باعث انسانی وسائل پر بوجھ پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت، لوک سبھا و اسمبلیوں کے بہ یک وقت انتخابات پر تعمیری بحث کا خیر مقدم کرے گی۔ الیکشنس کی فنڈنگ(سرکاری) ہونی چاہئے تاکہ روپے کی طاقت کا بے جا استعمال ختم ہوجائے ۔ اس پر بھی بحث کی ضرورت ہے۔ اپنی تقریر میں جو ایک سال کے دوران حکومت کے موقف کا اظہار ہوتی ہے ، صدرجمہوریہ نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں صلاح و مشورے کے بعد الیکشن کمیشن کے کسی بھی فیصلہ کا خیر مقدم کرے گی۔ صدرج مہوریہ کی اس تقریر میں یہ بھی بتایاجاتا ہے کہ حکومت آئندہ مالیاتی سال کے لئے کیا منصوبے رکھتی ہے ۔ سرجیکل حملوں کے حوالہ سے پرنب مکرجی نے کہا کہ حکومت نے ہندوستان میں آئے دن کی در اندازیوں کا کرارا جواب دینے کا فیصلہ کن قدم اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ29ستمبر 2016ء کو ہماری مسلح افواج نے حقیقی خط قبضہ پر دہشت گردوں کی در اندازی روکنے کئی لانچ پیاڈس پرکامیاب سرجیکل حملے کئے۔ ہمیں اپنی مسلح افواج کی غیر معمولی جرات کے مظاہرہ پر فخر ہے ۔ ہم ان کے مشکور ہیں ۔ نوٹ بندی فیصلہ پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک کے عوام بالخصوص غریبوں نے کالا دھن اور کرپشن کے خلاف لڑائی میں جس صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے ۔ نوٹ بندی کا مزید تذکرہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ میری حکومت نے غریبوں کے مفاد میں جرات مندانہ فیصلہ کیا۔ کالا دھن، کرپشن، جعلی کرنسی اور دہشت گردوں کی فینانسک جیسی برائیوں کے خاتمہ کے لئے حکومت نے 8نومبرکو پانچ سو اورہزار روپے کے پرانے نوٹوں کا چلن بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ میری حکومت کا پہلا کابینی فیصلہ (2014) میں کالا دھن کے تعلق سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم( ایس آئی ٹی) قائم کرنے کا تھا۔ گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس( جی ایس ٹی) کے تعلق سے صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت جی ایس ٹی کونسل کی شکر گزار ہے کہ وہ دیرینہ مسائل کی یکسوئی کے لئے کام کررہی ہے ، انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں ہندوستان کی ستائش ہوئی ہے کیونکہ عالمی معیشت میں مندی کا اس پر کوئی اثر نہیں پڑا ۔ دہشت گردی کے تعلق سے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ چار دہوں سے اس سنگین چیلنج کا سامنا کررہا ہے ۔ دہشت گردی، عالمی برادری کے لئے سنگین خطرہ ہے ۔ ہندوستان دیگر ممالک کے ساتھ سر گرم اشتراک کرے گا، تاکہ دہشت گرد طاقتوں کو شکست دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت دہشت گردی سے نمٹنے اور یہ یقینی بنانے کی پابند ہے کہ ایسی حرکتیں کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر سرحد پار سے برپا دہشت گردی کی شکار ہے ۔ در اندازی کی کوششیں، دہشت گرد، تشدد کے واقعات اور شہریوں و سیکوریٹی ملازمین کی قیمتی جانوں کا زیاں تشویش کا باعث ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ تین برس میں بائین بازو کی انتہا پسند ی کی روک تھام میں قابل لحاظ کامیابی ملی ہے ۔2600عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈالے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی سیکوریٹی صورتحال قابل لحاظ حد تک بہتر ہوئی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت امن و ترقی کے لئے شراکت داری کے فلسفہ کی پابند ہے ۔ دنیا بھر کے لگ بھگ ہر کونے میں آباد تین کروڑ سمندر پار ہندوستانیوں کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے گی کہ بیرونی ممالک میں آباد ہندوستانی ، ملک کی تعمیر نو میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔

مرکزی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام: راہول گاندھی
نئی دہلی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی کا یہ ریمارک کہ مرکزی حکومت نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے محاذ پر مکمل ناکام ہوگئی ہے ، پر آج کئی مرکزی وزراء نے کہا کہ یہ ان کی ناامیدی اور مایوسی ظاہر کرتا ہے کہ خود انہیں کوئی ملازمت حاصل نہیں ہورہی ہے اور تجویز پیش کی کہ وہ حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے اسکیل سنٹر میں داخلہ لیں، تاکہ انہیں کوئی ملازمت حاصل ہوسکے ۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیانائیڈو نے کہا کہ نائب صدر کانگریس کا ریمارک ان کی ناامیدی اور مایوسی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے پیروں پر کھڑے رہنے کے موقف میں نہیں ہے ، اس لئے اتر پردیش میں اس کو سائیکل کے کیرئیر پر بیٹھنا پڑا ۔ انہوں نے یہ ریمارک یوپی میں کانگریس، ایس پی اتحاد کے حوالے سے کیا۔ نائیدو نے پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں کوئی ملازمت نہیں ہے توہم کیاکرسکتے ہیں ۔ ان کی پارٹی ہر مرحلہ پر ناکام ہورہی ہے ۔ وہ اپنے پیروں پر کھڑے رہنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ اتنی قدیم پارٹی کو یوپی میں سائیکل کیریر پر بیٹھنا پڑ رہاہے ، اسی وجہ سے ان میں مایوسی اور نا امیدی پائی جاتی ہے ، جسکا انہوں نے اس ریمارک کے ذریعہ اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اسباب کے تحت صرف حکومت پر تنقید کرنے انہوں نے یہ بات کہی ہوگی، کیوں کہ انہیں کوئی بات یاد نہیں ہے ، اس لئے انہوں نے اپنی ہی ملازمت اورکانگریس پارٹی کی صورتحال کے بارے میں لب کشائی کی ہے۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے روایتی خطاب کے بعد راہول گاندھی نے پارلیمنٹ کے باہر کہا کہ ہندوستان کو آج در پیش اہم سوال نوجوانوں کے لئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔ گاندھی نے کہا کہ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنا آج ایک بڑا مسئلہ ہے ۔ حکومت اس میں ناکام رہی ہے ۔ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں حکومت مکمل ناکام رہی ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں