پارلیمانی سیشن کا آغاز - بجٹ کی پیشکشی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-31

پارلیمانی سیشن کا آغاز - بجٹ کی پیشکشی

30 جنوری
پارلیمانی سیشن کا آج سے آغاز، کل بجٹ کی پیشکشی
نئی دہلی
یو این آئی
پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا کل سے آغاز ہورہا ہے ۔ جسکے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔ بجٹ یکم فروری کو پیش کیاجائے گا ، جس میں ریلوے بجٹ بھی شامل ہوگا۔ یاد رہے کہ اس مرتبہ سے ریلوے کا علیحدہ بجٹ پیش کرنے کا سلسلہ ختم کردیا گیاہے ۔ بجٹ کی مقررہ وقت سے قبل پیشکشی کو پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پس منظر سے جوڑتے ہوئے اپوزیشن نے اسے موخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جسے حکومت نے مسترد کردیا۔ سیشن میں نوٹ بندی کے مسئلہ پر بھی گرما گرم بحث ہوسکتی ہے ۔ سیشن سے قبل روایتی کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا ، جس میں حکمراں این ڈی اے میں شامل شیو سینا اور اپوزیشن ترنمول کانگریس شامل نہیں ہوئیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بعض مسائل پر اختلافات کے باوجود پارلیمنٹ میں تمام مسائل پر تعمیری مباحث ہونے چاہئے۔ وزیر اعظم نے بجٹ سیشن سے قبل وزیر پارلیمانی امور اننت کمار کی جانب سے طلب کردہ کل جماعتی اجلاس کے دوران یہ اپیل کی۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا کل سے آغاز ہورہا ہے ۔ کل جماعتی اجلاس کے بعد اننت کمار نے صحافیوں سے کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کو ملک کی مہا پنچایت قرار دیا ہے اور کہا کہ حکومت تمام مسائل پر بحث کے لئے تیارہے ۔ وزیرا عظم نے کہا کہ تمام جماعتوں کو پارلیمنٹ میں اپنے خیالات پیش کرنا چاہئے تاکہ ان کے تجربات سے ارکان پارلیمنٹ کو فائدہ پہونچے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کاموقعہے اور ایسے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ان تمام حالات کے باوجود مباحث ہونے چاہئیں، تاکہ جمہوریت کا وقاربر قرار رہ سکے۔

گاندھی جی کی69ویں برسی
صدرجمہوریہ اور وزیر اعظم کی جانب سے خراج عقیدت
نئی دہلی
پی ٹی آئی
گاندھی جی69ویں برسی کے موقع پر انہیں یاد کرنے اور خراج پیش کرنے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیر اعظم نریندرمودی نے قیادت کی۔ صدر جمہوریہ کے ساتھ نائب صدر جمہوریہ ڈاکٹر حامد انصاری اور وزیراعظم نریندر مودی نے راج گھاٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ راج گھاٹ جہاں بین مذہبی دعائیہ اجتماع منعقدہوا صدر کانگریس سونیا گاندھی اور مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو بھی خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل تھے ۔ گاندھی جی کی برسی کے موقع پر وزیرا عظم نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ چہیتے باپو کو ان کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت ۔ گاندھی جی کا آج کے دن 1948ء میں قتل کیا گیا تھا ۔ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے والے دیگر افراد میں سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی اور مرکزی وزیر راؤ اندر جیت سنگھ بھی شامل تھے ۔ تینوں افواج کے سربراہ جنرل بپن راوت، ایر چیف مارشل بی ایس دھنوا اور اڈمرل سنیل لانبا بھی شرکت کیے۔ راج گھاٹ پر توپ کی سلامی دی گئی اور ایک گروپ بھجن پیش کیا ، جب کہ گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرنے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد اور طلباء بھی موجود تھے ۔ یوم شہیداں کے دن آج سارے ملک میں صبح گیارہ بجے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

وجئے مالیا کی مدد کرنے کانگریس پر الزام
سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے کردار پر بھیس وال۔ بی جے پی ترجمان کابیان
نئی دہلی
یو این آئی
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کنگ فشر ایرلائنس کے مالک وجئے مالیا کو باربار ضابطہ کونظر انداز کرکے اقتصادی مدد دینے میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ان کی حکومت کے وزیر داخلہ پی چدمبرم کا براہ راست ہاتھ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے آج کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی سے سوال کیا کہ اس معاملہ میں ان کا کیا رول ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں وجے مالیا کے ذریعہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو لکھے گئے دو خط اور چدمبرم اور کمپنی کے چیف فائنانشیل افسر روی کو لکھے گئے ایک خط کی نقل بھی پیش کی۔ ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ اب تک پوچھا جاتا تھا کہ مالیا کو بینکوں سے قرض دلانے کے پیچھے کون سے ہاتھ تھے لیکن اب واضح ہوگیا ہے کہ وہ ہاتھ ڈاکٹر منموہن سنگھ اورپی چدمبرم کے تھے۔ انہوں نے سابق وزیرا عظم کے میڈیا مشیر رہ چکے سنجے ہاروکی کتاب کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم دفترکی تمام فائلیں چٹرجی کے ہاتھوں دس جن پتھ کی منظوری کے لئے جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرسنگھ، چدمبرم، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو جواب دینا چاہئے ۔ کہ مالیہ کو اتنی زیادہ مدد دینے میں ان کا کیا رول تھا۔ ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ وجے مالیا کا معاملہ قرض دے کر پیسوں کی لوٹ کا ایک حیرت انگیز مثال ہے ۔ ایک عام آدمی کو بہت معمولی رقم کا قرض بھی کاغذات مکمل کرنے پر ہی ملتاہے لیکن مالیہ کو دستاویزات مکمل کئے بغیر اور تمام کمیوں کے باوجود9000کروڑ روپے کا قرض دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں اکثر سوال پیدا ہوتارہا ہے کہ کیا کوئی خفیہ ہاتھ رہا ہے جو مالیہ کو قرض دینے کے لئے بینکوں کو مجبور کررہا تھا ، تو جو ثبوت سامنے آئے ہیںان سے یہ بھی سوال اٹھتاہے کہ کیا ایک ڈوبتا جہاز(کانگریس پارٹی) ایک ڈوبٹی ایر لائنس کو سہارا دے رہا تھا۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ مالیہ کو پہلا قرض2004ء اور دوسری مرتبہ2009ء میں دیا گیا تھا۔ کنگ فشر کی جائیدادوں کو این پی اے اعلان کئے جانے کے باوجود31دسمبر2010ء کو قرض دوبارہ منظم کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ سپریم کورٹ نے بھی پوچھا تھا کہ جب کمپنی صرف دس فیصد ہی حاصل کرپارہی ہے تو پھر اسے قرض کیوں کردئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹیلی ویژن چینلوں نے حال ہی میں اس معاملے کا انکشاف کرنے والی کچھ رپورٹیں دکھائی ہیں۔ انہیں کچھ خطوط ملے ہیں جن سے اس معاملے پر نئی روشنی پڑتی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ایک خط مالیہ نے اس وقت کے وزیر اعظم کو چار اکتوبر2011ء کولکھا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ان کے مشیر ٹی کے اے نائر اور ان کے چیف سکریٹری پلک چٹرجی سے ملاقات کی تھی جنہوںنے کافی مدد کی۔ وقت پر مدد ملنے سے انہیں(مالیہ کو) کافی راحت ملی اور وہ بہت خوش ہیں۔ مالیہ نے کہا کہ وہ ایک بار پھر فوری مدد کی درخواست کررہے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں