کشمیر میں آرمی کیمپ پر جیش محمد کے دہشت گردوں کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-19

کشمیر میں آرمی کیمپ پر جیش محمد کے دہشت گردوں کا حملہ

سری نگر، نئی دہلی
یو این آئی
بھاری اسلحہ سے لیس 4دہشت گردوں نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے یوری ٹاؤن میں بارہویں بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹرس کے نزدیک آرمی کیمپ پر حملہ کردیا۔ جس کی وجہ سے 17فوجی ہلاک اور19زخمی ہوگئے ۔ یہ متذکرہ ریاست میں حالیہ عرصہ کے دوران سیکوریٹی فورسس پر کیا جانے والا مہلک ترین حملہ ہے ۔ اس حملہ میں جو چار بجے صبح کیا گیا کافی زیادہ جانی نقصانات اس لئے ہوئے کیونکہ اس کیمپ میں متعین فوجی خیموں اور دوسرے عارضی سائبانوں میں تھے، جن کو حملہ کے دوران آگ لگ گئی اور یہ آگ بیارکس کے دوسرے حصوں تک پھیل گئی ۔ مرکز نے اس مہلک حملہ کے پیش نظر سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں سکریٹری داخلہ راجیو مہا رشی ، نیشنل سیکوریٹی ایجنسی کے سربراہ اجیت ڈوول، انٹلیجنس بیورو اور آر اینڈ اے ڈبلیو کے سربراہ نے شرکت کی ۔ نیم فوجی دستوں جس میں بارڈر سیکوریٹی فورس بھی شامل ہے، ان کے سربراہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ دہشت گرد بھاری اسلحہ سے لیس ، کافی تربیت یافتہ اور خصوصی آلات سے لیس تھے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کو دہشت گردی اور دہشت گردگروپس کا پاکستان کی جانب سے مسلسل اور راست طور پر ساتھ دئیے جانے پر گہری مایوسی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس کی نشاندہی کی جائے اور ساری دنیا میں اسے الگ تھلگ کردیاجائے ۔ اسی دوران ہندوستان کے تمام ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل ایئر پورٹس، ہندوستانی فضائیہ کے ہوائی اڈوں اور کنٹونمنٹ ایریا میں سخت ترین چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ وزیر داخلہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو حملہ کے باعث پیدا شدہ صورتحال سے واقف کروایا ۔ مودی نے جنہوں نے حملہ کی شدید مذمت کی کہا کہ یہ حملہ جن کی جانب سے کیا گیا ہے انہیں سزا دئیے بغیر نہ چھوڑا جائے ۔ وزیر داخلہ نے روس اور امریکہ کے اپنے مجوزہ دوروں کو منسوخ کردیاہے۔ آرمی نے یوری کے حملہ کے معاملہ کو فوجی سطح پر پاکستان سے راست طور پر رجوع کیا ہے اور سخت ترین پیام دیا ہے کیونکہ اس وحشیانہ حملہ میں پاکستان میں واقع تنظیم جیش محمد کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشن لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے وزارت دفاع کے وار روم میں اخباری نمائندوں کے ساتھ غیر معمولی نشست میں بتایا کہ انہوں نے اس معاملہ کو پاکستان آرمی سے رجوع کردیا ہے کیونکہ مہلوک دہشت گردوں کے قبضۃ سے برآمد ہونے والے بعض اسلحہ پر پاکستان کے نشان پائے گئے ہیں۔ آرمی آفیسر نے جو فوجی کارروائیوں میں اہم رول ادا کرتے ہیں بتایا کہ ہندوستانی بری فوج دہشت گردوں کے کوئی ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے مکمل تیار ہے اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔ حملہ کے چند ہی گھنٹوں کے اندر وزیر دفاع منوہر پاریکر اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دلبیر سنگھ سری نگرپہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر دفاع کو 15کور کے ہیڈ کوارٹرس میں حالات سے واقف کروایا گیا۔ جنرل دلبیر سنگھ نے سری نگر سے سو کلو میٹر دور یوری سیکٹر میں واقع آرمی ہیڈ کوارٹرس کا معائنہ کیا اور وہاں پر سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ امریکہ نے آج شمالی کشمیر کے یوری سیکٹر میں انڈین آرمی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرس پر فدائین کے حملہ کی شدید مذمت کی اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ سفیر امریکہ برائے ہند رچرڈ ورما نے ایک ٹوئیٹ میں کہا امریکہ کشمیر میں انتہا پسندانہ حملہ کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ ہم شہید فوجیوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ آج صبح کیے جانے والے اس حملہ میں سترہ فوجیوں نے قوم کے لئے اپنی زندگیوں کو قربان کردیا ہے اور کئی فوجی زخمی ہوگئے ہیں ۔

Uri terror attack: 17 jawans killed, role of JeM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں