دہشت گردانہ حملہ میں فوجیوں کی ہلاکت - سیاسی جماعتوں کی شدید مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-19

دہشت گردانہ حملہ میں فوجیوں کی ہلاکت - سیاسی جماعتوں کی شدید مذمت

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
وادی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں فوج پر ہوئے حملہ کی بڑی جماعتوں نے شدید مذمت کی ۔ کانگریس نے امید ظاہر کی کہ حملہ کا منصوبہ بنانے والوں اور اس کے پیچھے کار فرما طاقتوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر غلام نبی آزاد نے بھی اس واردات پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ حملہ آور دہشت گردوں کو ہمارے جوانوں نے ڈھیر کردیا لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اس حملے میں سترہ فوجی جوان شہید ہوئے ہیں۔ کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجیو الا نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے سے ہم کمزور نہیں ہوں گے بلکہ ہمارے حوصلے اور زیادہ مضبوط ہوں گے اور دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم مزید قوی ہوگا ۔ انہوں نے اس حملے میں فوجیوں کے شہید ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی بہا دری کو سلام کیا۔ کانگریس صدر کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور اس حملے میں ہلاک فوجیوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ۔ سی پی آئی ایم نے آج پاکستان سے شدت پسند طاقتوں کی مدد کرنا بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ سی پی آئی ایم مرکزی کمیٹی نے جس کا یہاں اجلاس چلا رہا ہے نے کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں فوجی کیمپ پر حملے میں سترہ جوانوں کی ہلاکت اور انیس فوجیوں کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا بغیر کسی تعطل کے طویل معیادی حل نکالنے کے لئے تمام طبقات سے بات چیت کی جائے ۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے میڈیا ارکان سے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ سرحد پار دہشت گردی میں شامل ہونے سے باز رہے۔ اور مطالبہ کیا کہ حملہ کے اس واقعہ کو سنجیدگی سے لی اجائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے خطہ میں امن کو بہت بڑا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ بنگلورو میں مرکزی وزیر کامرس و انڈسٹریز نرملا سیتا رامن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ قابل مذمت حرکت ہے ۔ وہ لوگ ہمیہ ہمیں اس طرح کی حرکتوں سے دھمکاتے رہے ہیں لیکن ہندوستان بہت زیادہ مستحکم ہے اور اس طرح کی اندرون ملک کارروائیوں پر قابو پالے گا۔ اپنے ایک توئٹ پیام مین وزیر ٹیکسٹائلز سمرتی ایرانی نے لکھا اوڑی میں انجام سے بے خبر اس حملہ میں تکلیف ہوئی ۔ میں اس عظیم قربانی پر ہمارے بہادر سپاہیوں کو سلام کرتی ہوں اور ان کے ارکان خاندان کو تعزیت پیش کرتی ہوں۔ رانچی سے چیف منسٹر جھار کھنڈ رگھو بیرداس نے اس دہشت گرد حملہ کی مذمت کرتے ہوئے فوجیوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے جموں و کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں دہشت گردانہ حملے میں فوج کے سترہ جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ نتیش کمار نے حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بہادر اور فرض شناس شہید جوانوں فوجیوں کے لواحقین کے تئیں گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جوانوں کی شہادت کو ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا ۔ اسی دوران سابق چیف منسٹر بہار اور صدر راشٹریہ جنتادل ،آر جے ڈی لالو پرساد یادو نے آج الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی ذمہ دار ہیں ۔ یادو نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ناکامی کی وجہ سے یہ المناک واقعہ روانما ہوا ہے ۔ مودی پہلے 56انچ کا سینہ دکھایا کرتے تھے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اب ان کا56انچ کا سینہ کہاں چلا گیا؟ آر جے ڈی کے صدر نے کہا کہ مودی کی لاپرواہی کی وجہ سے ہی ہمارے جوان شہید ہوئے ہیں۔ کشمیر ہمارا ہے لیکن اب رفتہ رفتہ ہاتھ سے نکلتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی روز جواب دینے کی بات کرتے ہیں لیکن جواب دینے کے وقت آتا ہے تو بھاگ جاتے ہیں ۔ فوج کیمپ پر دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر دفتر وزیر اعظم جتیندر سنگھ نے کہا کہ خود احتسابی اور تدبیر کی حکمت عملی اپناتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے حملوں کا تدارک کیاجاسکتا ہے ۔ یہ ایک پریشان کن اور غوروفکر اور خود احتسابی کا لمحہ ہے۔ میں یہ بات سونچ کر کانپ جاتا ہوں کہ قوم کتنی مرتبہ ہمارے جوانوں کی قیمتی زندگیوں کی عظیم قربانیاں پیش کرتے رہے گی۔ جتیندر سنگھ نے کہا کہ جو اس تباہ کن حملہ میں ملوث ہیں انہیں ضرور سزا ملے گی۔ سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے آج مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ اس طرح کے دہشت گرد انہ حملوں کے تدارک کے لئے فوج کو سرحد پر متحرک کردے۔ فوج کے سترہ جوانوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر قائد نے کہا کہ اوڑی سیکٹر جیسے حملوں کو بچاؤ کے لئے ہمیں اپنی سرحدوں کے دفاع کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت کو چاہئے ، کہ تمام وسائل بشمول افرادی و مادی قوت کو متحرک کرتے ہوئے دہشت گردوں کی در اندازی کو روکا جائے ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے فوجیوں پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اس بزدلانہ حملہ کے خلاف مستحکم کھڑا ہے ۔ اپنے ٹوئٹ پیام میں چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ ہندوستان کو اس طرح کے حملوں جھکایا نہیں جاسکتا ہے ۔ انہوں نے متاثرہ افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مہلوکین کے ارکان خاندان سے میں دل کی گہرائی سے تعزیت پیش کرتا ہوں ۔
سری نگر
یو این آء
شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں فوجی کیمپ پر ہلاکت خیز حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس حملہ کے مقصد وادی کشمیر میں تشدد کی تازہ لہر پھیلانا اور علاقہ میں جنگ جیسی صورتحال پیدا کرنا ہے ۔ اس حملہ پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے حملہ میں فوت سترہ سپاہیوں کو خراج پیش کیا اور ان کے ارکان خاندان کو دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی سپاہیوں کی عاجلانہ صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اوڑی حملہ کے باعث جموں و کشمیر کے خطہ میں تناؤ میں شدت پیدا ہوگئی ہے جس کا مقصد ہند۔ پاک کو میں دشمنی کو بڑھانا ہے ۔ بد قسمتی سے جموں و کشمیر کے عوام جو پہلے سے ہی جاری صورتحال کو جھیل رہے ہیں ۔ اب انہیں مزید خون خرابے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Political parties unanimously condemn Uri assault

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں