حیدرآباد و سکندرآباد میں موسلا دھار بارش سے زبردست تباہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-22

حیدرآباد و سکندرآباد میں موسلا دھار بارش سے زبردست تباہی

حیدرآباد
آئی اے این ایس، یو این آئی
شہر حیدرآباد میں کل رات کی شدید بارش نے جہاں زبردست تباہی مچادی وہیں قرب و جوار کے کئی علاقوں کے رہائشی مقامات میں پانی داخل ہوگیا ۔ زبردست بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں ۔ منگل کی شب سے تیز بارش کا سلسلہ شرو ع ہوگیا جو وقفہ وقفہ سے صبح تک جاری رہا ، جس کے سبب گریٹر حیدرآباد کے مشرقی اور شمالی مقامات پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ شہر کے کئی تجارتی اور رہائشی علاقوں کو کٹ پلی، میاں پور، نظام پیٹ، قطب اللہ پور ، موسی پیٹ ، بیگم پیٹ اور الوال میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہوگئی ۔ نظام پیٹ ، بالا نگر اور الوال میں ڈرین ابل پڑے اور رہائشی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ کئی کمر شیل کامپلکسوں کے پارکنگ مقامات مکمل طور پر زیر آب آگئے جب کہ کئی سڑکیں ، دریاؤں کا منظر پیش کررہی تھیں۔ سڑکوں پر چار فٹ پانی جمع تھا ۔ نظام پیٹ کے بھنداری لے آوٹ کی طرح دیگر علاقوں میں سیلاب سے عوام کو اپارٹمنٹس میں محصور دیکھا گیا۔ فروخت کنندگان کو ان علاقوں کی عمارتوں کے پہلے فلور میں پانی اور دودھ کے پیاکٹس کو پھینکتے ہوئے دیکھا گیا۔ رات میں بارش کے وقت افراد نے اپنے گھروں میں محوخواب تھے مگر بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے قیمتی اشیاء کو شدید نقصان پہنچا۔ حکام نے متاثرہ علاقوں مین تعطیل کا اعلان کردیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ شہر کا قطب اللہ پور علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں16.4سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شہر کے دیگر علاقں میں چھ تا بارہ سنٹی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ شدید بارش سے شہر کی تمام سڑکوں پر ٹریفک کا بھاری جام دیکھا گیا ۔ بارش سے آئی ٹی ہب مادھو پور اور گچی باؤلی بھی متاثر رہا۔ آئی ٹی کمپنیوں کے ملازمین ٹریفک میں پھنسے رہے کیونکہ ہائی ٹیک سٹی جانے والے راستوں پر جیسے رائے درگم، گچی باؤلی، میاں پور ، کنڈا پور اور دیگر سڑکوں پر زبردست ٹریفک دیکھی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک رنگا ناتھ نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ قلب شہر میں واقع حسین ساگر مین پانی کا بہاؤ تیز ہے ۔ اب تک اس جھیل کی سطح آب تقریبا مکمل ہوچکی ہے ۔ چہار شنبہ کو حسین ساگر کی سطح آب513.4فٹ ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کی مکمل گنجائش513.7فٹ ہے۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی نے بتایا کہ حسین ساگر مین پانی کا بہاؤ پانچ ہزار کیوزک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ یو این آئی کے بموجب ریاست تلنگانہ بالخصوص دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں بارش نے ایک طرح سے زندگی کی رفتار کو ٹھپ کردیا ہے ۔ دونوں شہروں کے علاوہ قریب و جوار کی کئی سڑکیں، بارش سے جھیل میں تبدیل ہوگئیں کل رات سے وقفہ وفقہ سے بارش ہوتی رہی جس کا سلسلہ صبح تک چلتا رہا ۔ موسلا دھار بارش کے سبب دونوں شہر کے علاوہ مضافات کی سڑکیں زیر آب آگئیں، جس کے نتیجہ میں ٹریفک میں زبردست خلل پڑا جس سے مسافرین کو ان گنت مسائل سے دوچار ہونا پڑا ۔ شدید بارش نے یہاں عام زندگی کو مفلوج کردیا وہین دونوں شہر میں بھاری، ٹریفک جام دیکھا گیا ۔ نشیبی علاقوں اور کئی اپارٹمنٹس میں بارش کا پانی داخل ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے جو پانی کی تقسیم کے تنازعہ پر بات چیت کے لئے دہلی میں ہین، عہدیداروں سے تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ کے سی آر، اپیکس کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے دہلی میں ہیں ۔ چیف منسٹر نے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کاری کے لئے ضرورت پڑنے پر فوج کی خدمات کے حصول کا مشورہ دیا اور کہا کہ راحت کاری میں پولیس ملازمین کی خدمات سے استفادہ کیاجائے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو حسین ساگر جھیل کی سطح آ ب پر جو مکمل ہوچکی ہے ، نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے عہدیدارں کو حسین ساگر کے بشمول دونوں شہروں کے اطراف موجود تالابوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی تاکہ کسی امکانی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت وطبابت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی وبا کے پھوٹ پڑنے سے قبل ممکنہ احتیاطی اقدامات کو روبہ عل لائیں۔ تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق کے تارک راما راؤ نے دونوں شہروں کی سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت پر جی ایچ ایم سی کے انجینئروں پر برہمی کا اظہار کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حالیہ بارش سے دونوں شہروں کی تقریبا تمام سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں ۔ اس لئے ٹریفک میں خلل، روز کا مسئلہ بن گیا ہے ۔ کے ٹی آڑ نے جے ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو تباہ حال سڑکوں کی مرمت کا کام جنگی خطوط پر انجام دینے کی ہدایت دی ۔ درین اثناء محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی مقامات پر آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ حیدرآباد میں74سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Heavy rain lashes Hyderabad & Secunderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں