پڑوسی ملک دہشت گردی کا برآمد کنندہ - آسیان چوٹی کانفرنس سے مودی کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-09

پڑوسی ملک دہشت گردی کا برآمد کنندہ - آسیان چوٹی کانفرنس سے مودی کا خطاب

وینتیان
یو این آئی
کسی بین الاقوامی کانفرنس میں ایک ہی ہفتہ کے اندر دوسری مرتبہ پاکستان کو بالواسطہ طور پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دہشت گردی کی برآمد ، بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی اور تشدد میں انتہائی وسعت کو عصری معاشرے کی سلامتی کے حق میں عام خطرہ قرار دیا۔ مودی نے آسیان ، ہند سربراہی کانفرنس میں اپنے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جدو جہد، سائبر سیکوریٹی کی یقین دہانی اور نوجوانوں کو انتہا پسند نظریات سے نجات دلانے کے لئے گروپ کے ممالک سے تعاون کی اپیل کی اور کہا ، ہم سائبر سیکوریٹی ، دہشت گردی اور بنیاد پرستی کے خلاف جدو جہد میں مضبوط قدم اٹھانے کے خواہاں ہیں ۔ مودی نے کہا کہ ہمارے پڑوس میں ایک ایسا ملک ہے جو دہش گردی تیار کرتا ہے اور اس کی برآمد کرتا ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے ایسی طاقتوں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے اور انہیں یکا و تنہا کرنے کی اپیل کی۔ پاکستان کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ اس ملک کی برآمدات سے امن کو خطرہ لاحق ہے اور تشدد بڑھ رہا ہے ۔ قائدین سے خطاب کرتے ہوئے جن میں امریکی صدر بارک اوباما، اور چین کے وزیر اعظم لی کیک یانگ بھی موجود تھے مودی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایسی طاقتوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ قبل ازیں برکس رکن ممالک کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھی مودی نے پاکستان کا نام لئے بغیر دہشت گردی کا تذکرہ کرتے ہوئے بالواسطہ طور پر اسے نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے نہ صرف دہشت گردوں کا نشانہ بنایاجائے بلکہ انہیں بھی نشانہ بنایاجائے جو ان کی مدد کررہے ہیں اور ہماری کارروائی دہشت گردی کو سرکاری پالیسی کے طور پر استعمال کرنے والوں کے خلاف اقدامات پر مرکوز ہونی چاہئے ۔ مودی نے خبردار کیا کہ دہشت گردی انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور اس سے متحدہ اور مشترکہ طور پر ہی نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور جنوبی ایشیاء کے کئی ممالک معاشی خوشحالی کے لئے امن کا راستہ اختیا رکررہے ہیں لیکن ایک پڑوسی ملک ایسا ہے جو دہشت گردی پیدا کررہا ہے جس کی وجہ سے خطہ کے امن و استحکام کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آسیان ممالک علاقائی تعاون اور رابطہ کو بہتر بنانے کے لئے اپنی جدو جہد کو برقرار رکھیں گے ۔ انہوں نے ہندوستان کی طرف سے علاقہ میں امن و استحکام و معاشی ترقی میں مثبت رول کا تیقن دیا ۔ وزیر اعظم نے کانفرنس میں بحری سیکوریٹی کا معاملہ اٹھایا اور اس میں بین الاقوامی آبی گزرگاہ کی اہمیت کا احاطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحری سیکوریٹی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ سمندری راستہ عالمی تجارت کی زندگی کی لکیر ہے ۔ ہندوستان اقوام متحدہ کے سمندری سرگرمی قانون سے متعلق معاہدے کے تحت آمد ورفت کی آزادی کا حامی ہے ۔

Stop terrorism in our region, says Modi at ASEAN summit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں