پی ٹی آئی
اسکولی دور سے ہی آر ایس ایس کے سر گرم رکن اور صدر بی جے پی امیت شاہ کے وفادار وجئے روپانی کو بالآخر چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے آنندی بین پٹیل کا جانشین منتخب کرلیا گیا ۔ آنندی بین کے استعفیٰ کے بعد اس عہدہ کی دوڑ میں سب سے آگے سمجھے جانیو الے نتن پٹیل کو ڈپٹی چیف منسٹر بنایا گیا ہے ۔ گجرات میں پہلی مرتبہ ایک ڈپٹی چیف منسٹر ہوگا جس کا مقصد پٹیل برادری کو ناراض ہونے سے روکنا ہے ۔ مرکزی وزیر نتن گڈ کری نے جنہیں پارٹی مبصر کی حیثیت سے گجرات بھیجا گیا تھا بی جے پی مقننہ پارٹی کے اجلاس کے بعد61سالہ روپانی کو مقننہ پارٹی لیڈر کی حیثیت سے منتخب کئے جانے کا اعلان کیا۔ روپانی اور نتن پٹیل کے ناموں کی تجویز آنندی بین پٹیل نے پیش کی جس کی کئی ارکان اسمبلی نے تائید کی۔ اجلاس میں صدر پارٹی امیت شاہ بھی موجود تھے ۔ اجلاس چار بجے شروع ہونے والا تھا لیکن اس سے قبل پارٹی کے اہم قائدین کے درمیان تبادلہ خیال کی وجہ سے اس مین دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔60سالہ روپانی پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے لیکن تمام دعویداروں کو پیچھے چھوڑ کر یہ عہدہ حاصل کرلیا۔ ریاستی بی جے پی کے سرکردہ قائدین پر سبقت حاصل کرنے مین صدر پارٹی امیت شاہ سے ان کی قربت نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ روپانی جین طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جو ریاست میں صرف ایک فیصد ہے اور جسے حال ہی میں ریاستی حکومت نے اقلیتی موقف عطا کیا ۔ گجرات کی سیاست میں اہمیت کے حامل سوراسشٹر میں وجے روپانی کا کافی اثرورسوخ پایاجاتا ہے ۔ انہوںنے آر ایس ایس میں اسکولی طالب علم کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی تھی، وہ بی اے ایل ایل بی ہیں۔2006-12 کے درمیان وہ راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے۔ وجئے روپیانی کے انتخاب کو ریاستی بی جے پی میں امیت شاہ گروپ کی کامیابی تصور کیاجارہا ہے ۔ آنندی بین پٹیل کی کابینہ میں وہ وزیر ٹرانسپورٹ تھے۔ روپانی نے اپنے کالج کے دور سے اے بی وی پی میں شمولیت کے ذریعہ سیاست کا آغاز کیا اور1970 ء کی رہائی میں نو نرمان آندولن کے دوران طلبا کی احتجاجی کمیٹی میں شامل رہے ۔ جے پرکاش نارائن کی احتجاج کی اپیل پر آگے آنے والوں میں وہ سر فہرست تھے ۔ ایمرجنسی میں وہ جیل گئے۔1987ء میں پہلی مرتبہ راج کوٹ میونسپل کے لئے کارپوریٹر منتخب ہوئے۔1996-97ء میں وہ راج کوٹ کے میئر بنے ۔ روپانی ریاستی بی جے پی کے چار مرتبہ جنرل سکریٹری رہے اور ریاستی سطح پر پارٹی ترجمان کی خدمت بھی انجام دی ۔ گجرات میں آنندی بین پٹیل نے ایسے وقت استعفیٰ دیا جب کہ ہاردک پٹیل کے احتجاج کی وجہ سے پٹیل برادری میں بی جے پی حکومت کے تعلق سے ناراضگی بڑھتی جارہی تھی اور حال ہی مین گاؤ رکھشا کارکنوں کی جانب سے چند دلتوں کو بے رحمی سے زدوکوب کے بعد دلت طبقہ بھی ناراض ہوگیا ہے ۔
Vijay Rupani chosen Gujarat Chief Minister
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں