بی جے پی حکومتوں پر مسلمانوں اور دلتوں پر ظلم ڈھانے والوں کی حوصلہ افزائی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-30

بی جے پی حکومتوں پر مسلمانوں اور دلتوں پر ظلم ڈھانے والوں کی حوصلہ افزائی کا الزام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مدھیہ پردیش میں دو مسلم خواتین پر بیف کے مسئلہ پر حملہ اور ملک بھر میں دلتوں اور مسلمانوں کو نشانہ بنانے میں اضافہ کو لے کر آج اپوزیشن نے بی جے پی پر شدید حملہ کیا اور جس پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو یہ بیان دینے پر مجبور ہونا پڑا کہ اس معاملہ میں انصاف کیاجائے گا۔ وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے نے دلتوں پر حملوں کو اجاگر کرنے کے لئے اعداد و شمار پیش کئے اور مدھیہ پردیش کے مند سور اور گجرات کے علاوہ اتر پردیش میں دو دلتوں کی ہلاکت کے واقعات گنوائے ۔ انہو ں نے گاؤ رکشک سنگھ جیسے ورکروں پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ اپنے آپ میں قانون بن گئے ہیں اور ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ان کی حوصلے بڑھارہی ہیں ۔ کھرگے نے سنگھ پریوار پر یہ کہتے ہوئے حملہ کیا کہ کیا ایسے واقعات میں اس کے ارکان اور بی جے پی سے وابستہ افراد بھی ملوث ہیں۔ ایسے واقعات اسی وقت رونما ہوسکتے ہیں جب انہیں حکومت کی مدد حاصل ہو ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اتر پردیش میں ایک دلت جوڑے کو ہلاک کردینے کی رپورٹس کا حوالہ دیا۔ اپوزیشن کی صفوں سے اس پر شرم، شرم کے نعرے لگائے جانے لگے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ دو خواتین نے التجا کی کہ وہ گائے کا نہیں بھینس کا گوشت لے جارہی ہیں اور اس کے لئے رسید بھی پیش کی تھی، لیکن پولیس کی موجودگی میں انہیں بری طرح مارا پیٹا گیا ، کھرگے نے کہا کہ ان سے یہ بھی کہا گیا کہ اگر وہ مرد ہوتے تو انہیں ہلاک کردیاجات۔ا فارنسک رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ گوشت بھینس کا تھا ۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کے لئے جرائم کا قومی ڈاٹا پیش کیا اور کہا کہ دلتوں کے خلاف ہر 80منٹ میں ایک جرم ہوتا ہے ۔ ہر روز تین دلت خواتین کی عصمت ریزی اور دو کا قتل ہوجاتا ہے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ آپ یہی کہیں گے کہ ایسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب سے آپ اقتدار میں آئے ہیں اس میں اضافہ ہوگیا یہ آپ کی تائید کا نتیجہ ہے اس پر ترنمول کانگریس نے تائید کی۔ مدھیہ پردیش کے واقعہ پر مختصر جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ نظم و ضبط کا مسئلہ ہے ہم سب جانتے ہیں کہ یہ ریاست کا مسئلہ ہے ۔ مدھیہ پردیش کی حکومت نے فی الفور اور موثر کارروائی کی ہے، تحقیقات کی جارہی ہے میں ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ انصاف کیاجائے گا اور مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔ جواب سے غیر مطمئن اپوزیشن ارکان بشمول کانگریس، ٹی ایم سی ، جنتادل یونائیٹیڈ ، راشٹریہ جنتادل، این سی پی اور بایاں بازو نے واک آؤٹ کردیا۔

First Muslims, Now Dalits Being Oppressed, Especially In BJP States

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں