سرکاری اسکیمات میں سرقہ کو روکنے سے 36 ہزار کروڑ کی بچت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-06

سرکاری اسکیمات میں سرقہ کو روکنے سے 36 ہزار کروڑ کی بچت

دوحہ
پی ٹی آئی
ہندوستان میں کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ انہوں نے کئی لوگوں کو مٹھائی سے محروم رکھتے ہوئے مسائل کا سامنا کیا ہے اور سرکاری اسکیمات میں سرقہ کو روکتے ہوئے سالانہ36ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم بچت کی ہے ۔ قطر کے دو روزہ دور ہ کے اختتام پر ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہم نے ابھی سطح کو صاف کیا ہے اور تفصیلی صفائی ابھی باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی لوگوں کی مٹھائیاں روک دی ہیں اور ایسا کرتے ہوئے میں نے بھی مسائل کا سامنا کیا ہے ، لیکن125کروڑ ہندوستانیوں سے ملنے والی محبت کے لئے ان مسائل کا سامنا کرنے کی مجھے طاقت ملتی ہے ۔ وزیر اعظم نے حکومت کی کارروائی پر تنقیدوں کو اس بچہ سے مماثل بتایا جسے اس کی ماں نے مٹھائی سے محروم کردیا ہو۔مودی کی تقریر کے دوران ہندوستانی برادری کے ارکان بار بار تالیاں بجارہے تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مالیاتی شفافیت ، ڈسپلن اور مہارت کو یقینی بنانے کی کوششوں کے اچھے نتائج برآمد ہونے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہم نے مختلف سرکاری اسکیمات میں سرقہ کو روکتے ہوئے سالانہ چھتیس ہزار کروڑ روپے سے زائد کی رقم کی بچت کی ہے۔ مودی نے کہا کہ1.62کروڑ نقلی راشن کارڈس کا پتہ لگایا گیا ہے اور سبسیڈی کی قیمت پر گیہوں، چاول، کیروسین اور پکوان گیس کے ذریعہ کروڑوں روپے کی بچت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ہمارے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔ سابق کانگریس حکومتوں پر ڈھکے چھپے انداز میں تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ آج دنیا بھر مین ہندوستان کی امیج میں بہتری آئی ہے اور ملک کو احترام کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے ، ہر کوئی ہندوستان کی جانب کھنچا چلا آرہا ہے ۔ آپ نے اس وقت تبدیلی محسوس کی ہوگی جب دیگر ممالک کے لوگ ہندوستانیوں سے ملاقات کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلسل دو برسوں سے خشک سالی کے باوجود ہندوستان نے مالیاتی سال کے آخری چار ماہ میں7.9فیصد اندرون ملک مجموعی پیداوار کا نشانہ حاصل کیا ہے ۔ دنیا کی معیشت اتھل پتھل کا شکار ہے اور بہترین ممالک کو بھی معاشی انحطاط کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، لیکن ہندوستان بہت سی مشکلات کے باجود تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرض دینے والی تمام ایجنسیاں عالمی بینک اور آئی ایم ایف نے متفقہ طور پر تسلیم کیا ہے کہ ہندوستان دنیا کی تیز رفتاری سے بڑھنے والی معیشت ہے۔ مسائل کے باوجود7.9فیصد ترقی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ملک آگے بڑھ رہا ہے ۔ مودی نے مزید کہا اگر آپ دور دراز کے ملک منگولیا کو بھی جائیں تو وہاں بھی ایک ہندوستانی محسوس ہوتا ہے کہ ہندوستان میں وقت بدل گیا ہے ۔ ہند۔ قطر تعلقات میں فروغ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کسی ملک کے حکمراں ہندوستانیوں کی ستائش کرتے ہیں تو آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ میرا سینہ فخر سے کتنا پھول جاتا ہے ۔، 14ویں فینانس کمیشن کے بعد صورتحال میں تبدیلی آئی ہے ۔ ملک کی آمدنی کا65فیصد حصہ ریاستوں کو جارہا ہے اور مرکز صرف35فیصد پر انحصار کررہا ہے۔ اپنی بیس منٹ کی تقریر میں وزیر اعظم نے فوج کے سبکدوش جوانوں کے لئے ایک عہدہ ایک پنشن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چار دہوں سے یہ معاملہ زیر التوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بوجھ بڑا ہوسکتا ہے لیکن ملک کے لئے مرنے والے سپاہیوں کے وقار سے کم نہیں ہوسکتا۔

Stopped 'sweets of many', saved Rs 36,000 crore annually- Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں