ہند و قطر کے مابین سات معاہدات پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-06

ہند و قطر کے مابین سات معاہدات پر دستخط

دوحہ
پی ٹی آئی
ہندوستان اور قطر نے آج آمادگی ظاہر کی کہ حوالہ معاملتوں اور دہشت گرد فینانسنگ کی روک تھام کے لئے انٹلی جنس کا تبادلہ عمل میں آئے گا۔ دونوں ممالک نے سات معاہدوں پر دستخط کئے اور طئے کیاکہ تجارتی تعلقات سے آگے بڑھ کر دفاعی سرمایہ کاری ہوگی ۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے سر پرستوں اور حامیوں کو یکا و تنہا کردینے کی ضرورت اجاگر کی ۔ دونوں ممالک نے آمادگی ظاہر کی کہ ایسی تمام تنظیموں کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہئے جو دہشت گردی کی حمایت کرتی ہیں اور اسے پالیسی کے آلہ کار کے طور پر استعمال کرتی ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جو دو روزہ دورہ پر قطر میں ہیں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور قطری قیادت کے ساتھ وسیع تر بات چیت کے اختتام پر دونوں ممالک نے طئے کیاکہ بین وزارتی اعلیٰ سطح کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے جو باہمی امور کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیتی رہے۔ مودی نے کہا کہ آج اہم فیصلوں پر دستخط ہوئے جس سے ہند۔ قطر تعلقات کو نئی طاقت ملے گی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ شیخ تمیم اور میں نے وسیع تر امور پر بات چیت کی کہ ہندوستان اور قطر باہمی تعلقات کو کیسے وسعت دے سکتے ہیں ۔ فینانس انٹلی جنس یونٹ۔ انڈیا( ایف آئی یو) اور قطر فینانشیل انفارمیشن یونٹ کے درمیان یادداشت مفاہمت رقم کی غیر قانونی ترسیل جسے حوالہ کہاجاتا ہے کے تعلق سے انٹلی جنس تبادلہ کے لئے طئے پائی۔دونوں مالک نے اس بات پر بھی آمادگی ظاہر کی کہ رقومات کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف کارروائی ہوگی۔ بات چیت کے بعد جاری مشترکہ بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ قطر سے رقومات کا کافی بہاؤ ہے ۔ قطر میں سیاہ دھن کا بھی پتہ چلاہے۔ اخباری نمائندوں سے با ت چیت میں معتمد معاشی تعلقات امر سنہا نے کہاکہ قطر نے بھی مانا ہے کہ دہشت گردی ہم دونوں ممالک اور ہمارے علاقہ کے لئے خطرہ ہے ۔ وقت آگیا ہے کہ تجارتی تعلقات کو آگے بڑھاکر دفاعی سرمایہ کاری میں بدلا جائے ۔ بین الاقوامی دہشت گردی کے رجحان کی سخت مذمت کرتے ہوئے مودی اور امیر نے عہد کیاکہ اس عالمی برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے کے لئے مل جل کر تعاون کیاجائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ تشدد، دہشت گردی اور انتہا پسندی کو کسی بھی صورت میں حق بجانب نہیں ٹھہرایاجاسکتا چاہے اس کے مقاصد جو بھی ہوں ۔ دونوں قائدین نے اس بات کی ضرورت اجاگر کی کہ دہشت گردی کے سرپرستوں اور حامیوں کو یکا و تنہا کردیاجائے ۔ دہشت گردی کی تائید کرنے والی تمام تنظیموں اور اداروں کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا۔ قطر انوسمنٹ اتھاریٹی اور وزارت خارجہ کے درمیان بھی ایک یادداشت مفاہمت طئے پائی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے کہا کہ قطری وفود نے جس گرم جوشی سے وزیر اعظم سے ملاقات کی اس سے بڑا چھا لگا ۔ قطری قیادت نے وزیر اعظم سے کہا کہ قطر آپ کا دوسرا گھر ہے ۔ ہندوستان قطر کا گہرا اور قریبی دوست ہے ۔ دونوں قائدین نے مغربی ایشیاء ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء کی سلامتی صورتحال پر بھی بات چیت کی ۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ تمام مسائل کا پر امن حل ضروری ہے ۔، مودی کا امیری دیوان میں رسمی خیر مقدم کیا گیا۔ امیری دیوان قطر کے حکمراں کا محل ہے۔ بعد ازاں دونوں قائدین نے باقاعدہ بات چیت کی۔ مودی نے امیر کو سالگرہ کی مبارکباد دی جو دو دن قبل36برس کے ہوگئے ۔ قبل ازیں دن میں مودی نے قطر کے بیس اعلیٰ تاجروں سے بات چیت کی اور ان سے کہا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جس کا وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ قطر کی تجارتی برادری نے ان سے قواعد و ضوابط اور کلیئرنس کے تعلق سے سوالات کئے۔ قطر خلیج کے علاقہ میں ہندوستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے ۔

India, Qatar Sign 7 Agreements To Boost Cooperation And Investment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں