دادری واقعہ کا نیا موڑ - برآمدشدہ گوشت بیف تھا - متھرا فارنسک لیباریٹری رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-01

دادری واقعہ کا نیا موڑ - برآمدشدہ گوشت بیف تھا - متھرا فارنسک لیباریٹری رپورٹ

نویڈا۔ لکھنو
پی ٹی آئی
دادری واقعہ میں اس وقت ایک نیا موڑ آیا جب متھرا فارنسک لیاب رپورٹ میں کہا گیا کہ مہلوک کے مکان سے ملنے والا گوشت بیف تھا۔ 8ماہ قبل دادری حملہ کے واقعہ پر ملک میں عدم رواداری کے بارے میں بحث چھڑ گئی تھی۔ یہ رپورٹ اتر پردیش کے محکمہ جانوروں کی ابتدائی تحقیقات رپورٹ سے الگ ہے جس مین کہا تھا کہ گزشتہ سال28ستمبر کو دادری میں ہجوم کے حملہ میں ہلاک52سالہ محمد اخلاف کے مکان میں دستیاب گوشت بکرے کا تھا ۔ اس کیس کے ایک سینئر تحقیقاتی آفیسر نے آج بتایا کہ ہجوم کی مار پیٹ میں ہلاک شخص کے مکان سے برآمد گوشت بیف تھا ۔ انہوں نے اتر پردیش یونیورسٹی آف وٹرنری سرویسس کی فارنسک لیباریٹری کی رپورٹ کے حوالہ سے یہ بات کہی ۔ کہا گیا کہ گوشت کے نمونے کی فارنسک جانچ اور کیمیکل تجزیہ کی بنیاد پر پتہ چلا کہ گوشت گائے یا اس کی نسل کے جانور کا تھا۔ یہ رپورٹ نویڈا کی پولیس کو روانہ کی گئی اور مہر بند لفافے میں فاسٹ ٹریک عدالت میں پیش کی گئی ۔ قبل ازیں پولیس نے وٹرنری آفیسر کے حوالہ سے کہا تھا کہ گوشت کا نمونی بیف کا نہی تھا بلکہ بکرے یا اس کی نسل کے جانور کا تھا ۔ بعد ازاں اس گوشت کے نمونے کو قطعی جانچ کے لئے متھرا کی فارنسک لیباریٹری روانہ کیا گیا تھا ۔ 52سالہ محمد اخلاق کو ہجوم نے دادری ضلع کے بشارا موضع میں 28ستمبر کو افواہوں پر مار مار کر ہلاک کردیا تھا۔ انہوں نے اور ان کے خاندان نے بیف کھایا ہے اور اس کا ذخیرہ کیا ہے ۔ اخلاق کے خاندان نے حملہ کے بعد بیف کھانے کی تردید کی تھی ۔ اب انہوں نے متھرا کی لیباریٹری کی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے ۔ اخلاق کے بھائی چاند محمد نے کہا کہ دادری پولیس نے کہا تھا کہ گوشت بکرے کا تھا اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ گوشت بیف تھا یہ سب سیاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ 6مہینے بعد آئی ہے اس وقت بھی ایک رپورٹ آئی تھی لیکن اس میں یہ بات نہیں تھی۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ان لوگوں نے کیا کیا۔ اتر پردیش میں بیف کھانا جرم نہیں ہے بلکہ صرف گائے کا ٹنا جرم ہے ۔ محمد اخلاق پر حملہ سے ملک بھر میں عدم رواداری پر بحث شروع ہوگئی تھی اور ملک میں احتجاج کا ایک سلسلہ چل پڑا تھا کئی ممتاز ادیبوں ، فلم سازوں اور سائنس دانوں نے اپنے ایوارڈس واپس کردئیے تھے۔ دادری واقعہ کے تقریبا تین مہینے بعد پولیس نے23ڈسمبر کو15افراد بشمول ایک نابالغ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی لیکن اس مین بیف کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

Meat found in Dadri lynching victim's house was beef: Mathura lab

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں