مالیگاؤں دھماکہ کیس - سادھوی پرگیہ سنگھ کی درخواست ضمانت مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-29

مالیگاؤں دھماکہ کیس - سادھوی پرگیہ سنگھ کی درخواست ضمانت مسترد

ممبئی
پی ٹی آئی
مالیگاؤں دھماکہ کیس کی ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو این آئی اے کی کلین چٹ پر عملاً سوال اٹھاتے ہوئے ایک خصوصی این آئی اے عدالت نے آج تاثر ظاہر کیا کہ یہ ماننے کے لئے مناسب وجوہات ہیں کہ ان کے خلاف الزامات بادی النظر میں درست ہیں ، اور ان کی درخواست ضمانت مستردکردی ۔ خصوصی جج ایس ڈی نکالے نے بند کمرہ کی سماعت میں درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ۔ دھماکوں کے مہلوکین کے خاندانوں نے پرگیہ کی درخواست پر اعتراض کیا تھا۔ اس کیس میں مداخلت کار کی پیروی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ وہاب کان نے کہاکہ عدالت نے مزید تحقیقات کے بہانے تازہ تحقیقات کرنے پراین آئی اے کی سرزنش کی ۔ این آئی اے نے13مئی کو سادھوی پرگیہ اور دیگر چار کے ناموں کو یہاں خصوصی عدالت میں پیش کردہ چارج شیٹ سے حذف کردیا تھا۔ ایجنسی نے ناکافی ثبوتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے یہ اقدام کیا اور مہاراشٹرا کے مکوکا قانون کی دفعات کو بھی منسوخ کردیا۔ اس کے علاوہ ایجنسی نے جاریہ ماہ کے اوائل میں داخل کردہ درخواست ضمانت کی مخالفت بھی نہیں کی۔ خصوصی جج نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ این آئی اے کی جانب سے مزید رپورٹ داخل کرنے کے باعث یہ نہیں کہاجاسکتا ہے کہ حالات میں کوئی تبدیلی آئی ہے۔ اگر این آئی اے کا یہی موقف ہے تب اس بنیاد پر کہ این آئی اے نے کوئی اعتراض نہیں کیا ہے ، درخواست گزار کے استدلال کو قبول کرنا مشکل ہے ۔، انہوں نے کہا کہ یہ ماننے کے لئے ایسی مناسب وجوہات ہین کہ پرگیہ کے خلاف بادی النظر میں الزامات درست ہیں ۔ خان نے کہا کہ عدالت نے ہمارے دلائل کو قبول کرلیا کہ دیگر ملزمین کے اقبالیہ بیان پر انحصار نہیں کیاجاسکتا چاہے کیس میں مکوکا کوکالعدم ہی کیوں نہ کردیاجائے ۔ دھماکہ میں استعمال کردہ موٹر سائیکل کے بارے میں عدالت نے کہا کہ بادی النظر کے مرحلہ میں وہ،اس سے اپنے تعلق سے گریز نہیں کرسکتیںکہ موٹر سائیکل کا رجسٹریشن ان کے نام پر تھا اور وہ اس کی مالک تھیں۔ جج نے مزید کہاکہ گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر محفوظ نتیجہ اخذ کیاجاسکتا ہے ۔ بھوپال اجلاس کے دوران پرگیہ موجود تھیں اور اورنگ آباد و مالیگاؤں میں جہادی سر گرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور انہوں نے دوسروں کے ساتھ اسے روکنے پر بات چیت کی تھی۔ بھوپال کا اجلاس مالیگاؤں دھماکوں کی سازش کے لئے منعقد کیا گیا تا ۔ عدالت نے یہ تاثر بھی ظاہر کیا کہ اجلاس میں شرکت کا مقصد، ہندو راشٹرا کا قیام تھا اور ان کے تبادلہ خیال سے پتہ چلتا ہے کہ وہ جلاوطن حکومت قائم کرنا چاہتے تھے ۔ عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں بھوپال کا اجلاس منعقد ہوا اور اس میں وہ(پرگیہ) موجود تھیں۔

Malegaon blast case: Sadhvi Pragya Singh's bail plea rejected

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں