مسلم پرسنل لا بورڈ کو بیانات سے گریز کی ہدایت دینے سے سپریم کورٹ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-08

مسلم پرسنل لا بورڈ کو بیانات سے گریز کی ہدایت دینے سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے آج آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کو بر سر عام مبینہ گمراہ کن بیانات دینے سے باز رکھنے کے لئے ہدایت دینے کی ایک درخواست کی فوری سماعت سے انکار کردیا۔ مسلم خواتین کے شادی اور طلاق سے متعلق امور پر حقوق کی درخواست کی سماعت تک ایسی ہدایت دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ جسٹس پی سی گھوش اور امیتوا رائے کی ووکیشن بنچ نے فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے درخواست گزار کی وکیل فرح فیض کو ہدایت دی کہ وہ پہلے رٹ درخواست کا جواب دیں اور سماعت کے لئے تازہ استدعا کا تذکرہ کریں ۔ ایڈوکیٹ فرح فیض بھی سپریم کورٹ میں پیش کردہ درخواست کی فریق ہیں۔ فیض نے کہا کہ میڈیا مقدمہ کو روکنے کے لئے اس طرح کی ہدایت دی جانی چاہئے۔ مسلم خواتین کے حقوق کے پیچیدہ مسائل پر ایسا مقدمہ چلایاجارہا ہے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ارکان کو گمراہ کن بیانات جاری کرنے سے روکنا ضروری ہے ۔ بنچ نے تاثر ظاہر کیا کہ ہم کس طرح میڈیا مقدمہ کو روک سکتے ہیں ۔ کیا دنیا کے کسی حصہ میں میڈیا مقدمہ کو روکنے کا کوئی میکانزم موجود ہے ۔ ایڈوکیٹ نے کہا کہ وہ راشٹر وادی مسلم مہیلا سنگھ کی قومی صدر ہیں ، یہ ایک رضا کارانہ تنظیم ہے جو مسلم خواتین اور ان کی زندگی ، آزادی، حقوق اور تعلیم کے تحفظ کے لئے جدو جہد کرنے کا دعویٰ کرتی ہے۔ اپنی درخواست میں انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ماہ رمضان کے دوران مسلمان تراویح میں شرکت کرتے ہیں اور اس طرح کے بیانات سے انہیں بآسانی گمراہ کیا جاسکتا ہے جو سماج کے لئے خطرناک ہوسکتا ہے ۔

SC refuses urgent hearing on plea for restrain on statements by AIMPLB

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں