جنوبی چین علاقہ میں ہندوستان غیر جانبدار - وزیر دفاع منوہر پاریکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-05

جنوبی چین علاقہ میں ہندوستان غیر جانبدار - وزیر دفاع منوہر پاریکر

سنگاپور
پی ٹی آئی
ہندوستان نے آج ہند۔ بحرالکاہل علاقہ میں تنازعات کی پر امن یکسوئی کے لئے سیکوریٹی مینجمنٹ کے علاقائی چوکٹھہ کا مطالبہ کیا۔ اس نے یہ بات اس وقت کہی جب چین اپنے ایشیائی پڑوسیوں کے خلاف اپنے بحری دعوؤں پر زور دینے اپنی طاقت کا اظہار کررہا ہے ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے یہاں15ویں شنگری لاڈائیلاگ سے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقائی چوکٹھہ برائے سیکوریٹی مینجمنٹ میں تنازعات کی پر امن یکسوئی کا عہد ہونا چاہئے ۔ انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے، اجتماعی کوششوں کا بھی مطالبہ کیا جو علاقہ کے لئے بڑا چیلنج ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کارروائی اور تعاون دہشت گردی، قزاقی اور آفات سماوی جیسے خطرات سے نمٹنے کے لئے آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔ ایسے تعاون سے بھروسہ اور اعتماد پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی علاقہ کے لئے اولین چیلنج ہے۔ مذہبی کٹر پن اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس خطہ میں اور خطہ کے باہر تمام امن پسند ممالک کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ وزیر دفاع پاریکر نے تنازعات کی حساسیت اور بڑھتی کشیدگی کے تعلق سے تشویش ظاہر کی اور ہندوستان کی نیلی معیشت پہل اور خطہ میں خوشحالی کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی اپنے بحری پڑوسیوں کے ساتھ معاشی تعاون کررہے ہیں تاکہ نیلی معیشت کا فیض پہنچے۔ پاریکر نے کہا کہ بلا شبہ ہند۔ بحرالکاہل علاقہ سوئز کے مشرق تا ساحل ایشیاء بحر الکاہل، آںے والے کئی دہوں تک عالمی خوشحالی کا محرک بنارہے گا ۔ دنیا کی تیزی سے فروغ پاتی معیشت کی حیثیت سے ہندوستان کا تعاون اسے یقینی بنانے اہم عنصر ہوگا ۔ پاریکر نے کہا کہ میں پر اعتماد ہوں کہ علاقہ کے ممالک چیلنج سے نمٹنے اٹھ کھڑے ہوں گے اور اسے لاحق سیکوریٹی خطرا ت سے نمٹیں گے۔ انہوں نے بحر جنوبی چین کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہم علاقائی تنازعات میں کسی کی طرفداری نہیں کرتے ۔ انہیں کسی دھمکی یا طاقت کے استعمال کے بغیر حل کرنا چاہئے۔ ہندوستان کے بحر جنوبی چین کے ممالک سے روایتی تعلقات ہیں۔ وہ ان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اختلافات کی پر امن یکسوئی کریں۔ ایک دوسرے کے نظریہ کو سمجھنے اور اعتماد بڑھانے سے کشیدگی گھٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ بحر جنوبی چین میں کشیدگی گھٹانا، چین کے معاشی مفاد میں ہے۔ بات آخر کار معایشات کی ہی ہوتی ہے ۔ اگر آپ کے پاس غیر مستحکم علاقہ ہو جیسا کہ ہمارے پاس مشرق وسطی ہے میں نہیں سمجھتا کہ معاشیات اور خوشحالی بڑھے گی۔

South China Sea: Defence ministers at Shangri-La Dialogue call

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں