وزیر اعظم مودی کی بی اے ڈگری منظر عام پر لائی جائے ۔ کجریوال کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-06

وزیر اعظم مودی کی بی اے ڈگری منظر عام پر لائی جائے ۔ کجریوال کا مطالبہ

نئی دہلی
آئی اے این ایس
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے جمعرات کے دن دہلی یونیورسٹی( ڈی یو) سے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بی اے کی ڈگری منظر عام پر لائے ۔ وائس چانسلر یوگیس تیاگی کے نام مکتوب میں کجریوال نے مودی کے متواتر انتخابی حلف ناموں کا حوالہ دیا جن میں کہا گیا ہے کہ وہ دہلی یونیورسٹی سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ یونیورسٹی ویب سائٹ پر وزیر اعظم کی ڈگری سے متعلق تمام کاغذات دکھائے جائیں ۔ اس ملک کے عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کا وزیر اعظم کتنا پڑھا لکھا ہے ۔ ایک دن قبل عام آدمی پارٹی قائد نے الزام عائد کیا تھا کہ مودی کے پاس دہلی یونیورسٹی کی بی اے ڈگری نہیں ہے ۔ یونیورسٹی میں اس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے اور بعض اخبارات نے جو ڈگری شائع کی ہے وہ جھوٹی ہے ۔ مودی کے2014ء کے الیکشن حلف نامہ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے پاس انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ دونوں ڈگریاں ہیں ۔ حلف نامہ کے مطابق انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے1978ء میں سیاسیات (پولیٹیکل سائنس) میں فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت بی اے کیا ۔ کجریوال نے تیاگی کے نام مکتوب میں کہا کہ مودی کے پاس اگر بی اے کی ڈگری نہیں ہے تو ان کے پاس ایم اے کی ڈگری بھی نہیں ہوسکتی۔ گجرات یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ مودی نے وہاں سے ایم اے کیا ہے۔ اگر انہوں نے بی اے ہی نہیں کیا تو وہ ایم اے میں داخلہ کیسے لے سکتے ہیں؟ اس سے شبہ ہوتا ہے کہ ان کی ایم اے کی ڈگری بھی جھوٹی ہے ۔ یہ نہایت سنگین معاملہ ہے ۔ چہار شنبہ کے دن عام آدمی پارٹی کی بی اے ڈگری کی تفصیلات انہیں دینے سے انکار کررہی ہے اور انہیں وزیر اعظم کے دفتر( پی ایم او) سے رجو ع ہونے کو کہہ رہی ہے ۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ایک اور ریمارک کرتے ہوئے دہلی کے وزیر کپل مشرا نے آج الزام عائد کیا کہ ان کی تعلیمی ڈگری اور شادی کی کہانی فرضی ہے ۔ مشرا نے ٹوئٹ کیا کہ ایک ایسا شخص جس کی چائے کی دکان کی کہانی فرضی ہے، شادی فرضی ہے، انتخابی تیقنات فرضی ہیں، تعلیمی ڈگری فرضی ہے، ان کے چیلے اپنے اطمینان کے لئے فرضی بیانات دے رہے ہیں ۔ پارلیمانی انتخابات کے دوران2014ء میں اپنے انتخاب کے حلفنامہ میں مودی نے جشودا بین کو اپنی اہلیہ قرار دیا تھا ، جشودا بین اور مودی نے علیحدگی اختیار کرلی تھی ۔ قبل ازیں مشرا نے پٹھان کوٹ حملہ کی تحقیقات کے لئے پاکستان کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے دورہ کے بعد مودی کو آئی ایس آئی ایجنٹ قرار دیا تھا ۔ مودی کی ڈگری کے فرضی ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کی ڈگری کی تفصیلات کو یونیورسٹی کے ویب سائٹ پر پیش کرنے کا مطالبہ کیا ، کیونکہ اس معاملہ پر سچائی کو بے نقاب ہونا چاہئے ۔

Arvind Kejriwal demands PM Modi's educational qualifications be made public

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں