مودی حکومت کی بے بنیاد الزام آرائی کے خلاف احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-07

مودی حکومت کی بے بنیاد الزام آرائی کے خلاف احتجاج

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لڑاکا موڈ میں سونیا گاندھی نے آج مودی حکومت کو جمہوریت کے قتل اور اپوزیشن کے خلاف بے بنیاد الزام آرائی کے لئے نشانہ تنقید بنایا ۔ کانگریس کے اعلیٰ قائدین سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پارلیمنٹ کے قریب گرفتاریاں دیں ۔ سابق وزیر اظم منموہن سنگھ اور نائب صڈر کانگریس راہول گاندھی کو سونیا گاندھی کے ساتھ حراست میں لیا گیا جنہوںنے پیش قیاسی کی کہ حکومت جس طرح کام کررہی ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ اس کے دن گنے جاچکے ہیں ۔ سونیا گاندھی نے جنتر منتر پر اپنی پارٹی کی جمہوریت بچاؤ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ڈرانے یا بدنام کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ زندگی نے مجھے جدو ہد سکھائی ہے، ہم نے کئی چیلنجس کا سامنا کیا ہے ۔ وہ (مخالفین) نہیں جانتے کہ ہم کس چیز کے بنے ہیں۔ یہ تیقن دیتے ہوئے کہ ان کی پارٹی چوکنا اپوزیشن کا رول اندرون و بیرون پارلیمنٹ پوری قوت سے نبھائے گی ۔ انہوں نے پارٹی ورکرس سے کہا کہ وہ مودی حکومت کو بے نقاب کریں۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں پارٹی قائد ملیکار جن کھرگے اور دیگر قائدین نے پارلیمنٹ کی سمت مارچ سے روکنے پر پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں اجتماعی گرفتاریاں دیں۔ انہیں کچھ دیر کے بعد رہا کردیا گیا ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ انہیں( مخالفین) کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے کہ جب معاملہ ناقابل برداشت ہوجاتا ہے ہندوستان کے عوام کو معلوم ہے سبق کیسے سکھانا ہے ۔ مودی حکومت، خط اعتماد سے جس طرح دھوکہ دہی کررہی ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ اس کے دن گنے جاچکے ہیں ۔ ریالی میں راہول گاندھی اور منموہن سنگھ نے بھی مودی حکومت کو ارونا چل پردیش و اتر کھنڈ معاملہ میں نشانہ تنقیدبنایا۔ ایسا لگتا ہے کہ اگسٹا ویسٹ لینڈ، سونیا گاندھی کے ذہن پر چھایا ہوا ہے ۔ انہوں نے مودی حکومت پر وار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپوزیشن قائدین کے خلاف بے بنیاد الزامات کا یہ کھیل کھیلنا شرو ع کردیا ہے لیکن میں بتادینا چاہوں گی کہ کانگریس کو کمزور فورس سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے ۔ کانگریس، نا انصافی کے سامنے کبھی بھی نہیں جھکے گی ۔ ہم آنے والے دنوں میں چوکنا اپوزیشن کا رول پوری قوت سے اندرون و بیرون پارلیمنٹ نبھائیں گے ۔ ہم نا انصافی کے خلاف لڑیں گے ۔ سونیا نے کہا کہ مرکز نے پیسہ اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ ارونا چل پردیش اور اتر کھنڈ کی کانگریس حکومتوں کو جس طرح بے دخل کیا اس سے جمہوریت کی بیناد نہ صرف ہل گئی ہے بلکہ اس کا قتل ہوا ہے ۔ انہوں نے پارٹی ورکرس سے کہا کہ وہ ملک کے کونے کونے میں جائیں اور جمہوری طریقوں سے مودی حکومت کو بے نقاب کریں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس، برسراقتدار جماعت کو ملک کا جمہوری ڈھانچہ تباہ کرنے نہیں دے گی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اقلیتیں ، خوف میں جی رہی ہیں ۔ دلتوں، خواتین اور قبائلیوں سے پنچایت راج اداروں کے قوانین بلدتے ہوئے برا سلوک کیا جارہا ہے ۔ آر ایس ایس کا نام لئے بغیر کانگریس صدر نے کہا کہ این ڈی اے حکومت، ناگپور کے ریموٹ کنٹرول سے چل رہی ہے ۔ کانگریس مکت بھارت (کانگریس سے پاک ہندوستان) مہم کے لئے مودی پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ کانگریس، ہندوستان کی روح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، گنگا کی طرح ہے۔ کتنے بھی جھوٹے الزامات عائد کئے جائیں وہ اپنا راستہ نہیں بدلے گی ۔ راہول گاندھی نے مودی اور آر ایس ایس سربراہ بھاگوت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صرف ان دونوں کی چلتی ہے ۔

Baseless allegations, protest against Modi government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں