یو این آئی
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے آج پارلیمنٹ میں پیش کردہ بجٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ روزگار رخی، کسانوں، غریبوں ، نوجوانوں اور اقلیتون کے مفادات پر مبنی ہے، جس سے ان طبقات کو کافی فائدہ پہنچے گا ۔ انہوں نے یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے اس بجٹ میں اقلیتوں کی بہبود کے بجٹ میں100کروڑ روپے کا اضافہ کیاہے ، جس سے ان کی وزارت کو اقلیتوں ، خاص طور پر مسلمانوں کی بہبود اسکیموں کو مزیدموثر طریقے پر چلانے میں کافی مدد ملے گی ۔ اس وقت وزارت اقلیتی امور کا بجٹ تقریبا3700کروڑ روپے ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اس بجٹ میں کسانوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے تاکہ بارش نہ ہونے کی صورت میں بھی زراعت کے لئے آبپاشی کا خصوصی انتظام کیاجاسکے اور اس طرح ان کی فصل کی پیداوار میں اضافہ کرکے کسانوں کو خسارے سے بچایاجاسکے ۔ کیونکہ حالیہ دنوں میں فصلوں میں نقصان کی وجہ سے کسان خود کشی کرنے پر مجبور ہورہے تھے ۔ لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے زراعت اور آبپاشی کے لئے رقم مختص کرکے ان کی جان و مال کے تحفظ کا انتظام کیا ہے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں