بجٹ میں صرف خواب دکھائے گئے - یچوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-01

بجٹ میں صرف خواب دکھائے گئے - یچوری

نئی دہلی
یو این آئی
مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے مودی حکومت کے بجٹ کو بے سمت بتاتے ہوئے آج کہا کہ بالواسطہ ٹیکس میں اضافہ کرنے سے عام لوگوں پر مزید بوجھ بڑھے گا اور اس سے گھریلو مانگ کم ہوگی اور اس کا اقتصادیات پر منفی اثر پڑے گا ۔ پارٹی نے کہا کہ اس بجٹ سے امیر مزید امیر اور غریب مزید غریب ہوتے جائیں گے ۔ بجٹ میں کئی منصوبوں میں سبسڈی بھی ختم کردی گئی ہے اور گزشتہ سال کے نظر ثانی شدہ بجٹ میں بھی کمی کی گئی ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتار ام یچوری نے آج یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں صھافیوں کے سامنے بجٹ پر سخت رد عمل کا اظہا ر کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت صرف خواب دکھاتی ہے لیکن جب نیند ٹوٹتی ہے تو خواب غائب ہوجاتے ہیں ۔ اس بجٹ میں بھی اس نے خواب دکھائے ہیں اور صرف اعلانات کی بوچھاڑ ہے لیکن انہیں پورا کرنے کا کوئی انتظام بجٹ میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ون نہ ہونے سے بین الاقوامی سطح پر اقتصادیات کی کساد بازاری کے دور میں ہندوستانی معیشت کے چیلنجوں کا مقابلہ نہیں کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے براہ راست ٹیکس میں1060کروڑ روپے کی کمی کی گئی ہے جب کہ بالواسطہ ٹیکس تقریبا20600کروڑ روپے کردیا گیا ہے ۔ اس کا سیدھا اثر عام صارفین پر ہوگا اور گھریلو مانگ میں کمی آئے گی ۔ براہ راست ٹیکس کم ہونے سے عوام حکومت کو کم پیسہ دیں گے اور امیر مزید امیر اور غریب مزید غریب ہوں گے۔ انہوں نے یہ الزام لگایا کہ مودی حکومت کے دور میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات میں26فیصد کا اضافہ ہوا ہے لیکن بجٹ میں کسانوں کے لئے امدادی قیمت بڑھانے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔جب کہ بی جے پی نے اپنے منشور میں کم از کم امدادی قیمت کو ڈیڑھ گنا کرنے کی بات کہی تھی۔
پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے نریندر مودی حکومت کے 2016-17 کے عام بجٹ میں بھی بہار اور کسانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اپنے امتحان میں ناکام ہوگئے ۔ اس بجٹ کو کامیابی کے نشانات بھی دینا مشکل ہے ۔ کمار نے بجٹ میں بہار کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بہار کے لئے وزیر اعظم نے جو خاص اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا تھا اس کے لئے بجٹ میں کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے ۔ جس سے ریاست کے لوگوں کو سخت مایوسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ بہار کے ساتھ مرکزی حکومت کی تفریق کی عکاسی کرتا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک تو مجوزہ رقم کے الاٹمنٹ پر توجہ نہیں دی گئی ہے، وہیں دوسری طرف ریاستوں پر چالیس فیصد تک کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ہے ، جو مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے کسانوں کو بھی مایوسی ہوئی ہے ۔ اس مرتبہ کے بجٹ میں بھی ان کا بونس غائب ہے ۔ نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ مرکز میں ان کی حکومت بننے پر کسانوں کو ان کی پیداوار کی لاگت پر پچاس فیصد جوڑ کر کم از کم سہارا قیمت دی جائے گی ۔ کمار نے کہا کہ مودی حکومت نے کالے دھن کے معاملے پر بھی عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اس بجٹ کو پاس مارکس بھی دینا مشکل ہے ۔ کمار نے وزیر فینانس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کررہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ وہ معاشی امور سے کما حقہ واقف نہیں ہیں ۔ وہ ماہر معاشیات کے بجائے ایک وکیل لگ رہے تھے۔
پٹنہ
ایجنسی
آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک کند ذہن طالب علم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نقل نویسی اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے امتحان میں عوام سے جھوٹ بولتے ہوئے سما ج کے کسی بھی شعبہ کے لئے کچھ نہیں کیا جو کہ ان کے بجٹ سے ظاہر ہے جب کہ2014اسمبلی انتخابات سے قبل ان کے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی قیادت والی مودی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ملک کی معیشت روز بہ روز بگڑتی جارہی ہے۔ انہوں نے عام بجٹ کے موقع پر یہاں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں ملک کی معیشت خراب حالت میں آگئی ہے ۔بینکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے وہیں روزگار کے مواقع بھی محدود ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف اچھے دن آنے کا شور بلند کیا جارہا ہے جب کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ اسی طرح صنعت ، کاروبار کی حالت بہتر بری ہوگئی ہے ۔ مرکز کی بی جے پی حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے قوم پرستی کا سہارا لے رہی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں