ریل بجٹ میں مسافروں کی سہولیات میں اضافہ پر زور - ریلوے وزیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-15

ریل بجٹ میں مسافروں کی سہولیات میں اضافہ پر زور - ریلوے وزیر

نئی دہلی
یو این آئی
مودی حکومت کے تیسرے ریلوے بجٹ میں مسافروں کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے اصلاحات کی پٹری کو ہی آگے بڑھانے اور مسافر کرایوں میں اضافہ سے بچتے ہوئے مال ڈھلائی ، پارسل، اشتہارات اور کیٹرنگ نظام کی نئی پالیسیوں کے ذریعے آمدنی بڑھانے پر توجہ دئیے جانے کا امکان ہے۔ ریلو ے کے ذرائع کے مطابق اس بار کے ریلوے بجٹ میں ڈبل لائن، ٹرپل لائن، بجلی، سگنل اور مواصلات جیسی جدید صلاحیت میں اضافہ کے نئے منصوبے کے اعلانات کے ساتھ ساتھ موبائل کے ذریعے پورے ہندوستان میں بغیر ریزرویشن ٹکٹ کی سہولت اور دیگر آئی ٹی خدمات میں اضافہ کئے جانے کی امید ہے ۔ ریلوے کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے کے اگلے مرحلے میں توسیع کرتے ہوئے مال گاڑیوں کو اہم روٹوں کی بجائے متبادل راستہ سے بھیجے جانے کے نئے نظام کا اعلان کئے جانے کی توقع ہے ۔ اہم ریل روٹوں کو تکنیکی طور پر اپ گریڈ کرکے ان پر گاڑیوں کی رفتار میں دس کلو میٹر فی گھنٹہ تک کا اضافہ کیاجاسکتاہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ریلوے کی صلاحیت میں توسیع کے منصوبہ کے لئے لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کی ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی طرز پر عالمی بینک اور کچھ دیگر بین الاقوامی اداروں سے سرمایہ کاری کی پیشکش کا ذکر بھی بجٹ میں کیاجاسکتا ہے ۔ اگلے مالی سال میں ساتویں تنکواہ کمیشن کی سفارشات کے نفاذ سے ریلوے پر پڑنے والے32ہزار کروڑ روپے کے بوجھ کے باوجود مسافر کرایہ میں اضافہ کا امکان نہیں ہے ۔ حال ہی میں ریلوے میں ٹکٹ منسوخ کرانے کے ضابطوں اور فیس میں تبدیلی ، بچوں کی پوری برتھ کے لئے پورے پیسے لینے جیسے کئی اقدامات کر کے آمدنی بڑھانے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس بجٹ میں اے سی فرسٹ کلاس میں تقریبا تمام رعایتیں ختم کی جاسکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ مختلف رعایتوں کو منطقی بنانے ، ان میں کمی لانے اور ان کے غلط استعمال کو روکنے کے اقدامات کا بھی اعلان ہوسکتا ہے ۔ مارکیٹ میں اسٹیل لوہے ، سیمنٹ ، کوئلہ ، آٹو موبائلس اور کئی دوسرے شعبوں کو مال ڈھلائی سے جوڑنے کی نئی پالیسی آسکتی ہے اس کے علاوہ پارسل بکنگ کی بھی نئی پالیسی تقریبا تیار ہے ۔ ریلوے کمپلکس ، ٹرینوں کی دیواروں پر اشتہارات کے ذریعے آمدنی بڑھانے اور بیس کچن کے ذریعے کھانے کی نئی پالیسی لائے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق بیس کچن میں کھانا بنانے کا کام نجی ٹھیکیداروں کو دینے اور سی سی ٹی وی کیمروں اور روایتی دونون طریقوں سے کوالٹی کی نگرانی کرنے کا منصوبہ ہے ۔

Railways Budget 2016: Suresh Prabhu not to burden passengers; will focus on innovation for revenue generation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں