میک ان انڈیا پروگرام کے دوران آتشزدگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-15

میک ان انڈیا پروگرام کے دوران آتشزدگی

ممبئی
پی ٹی آئی
میک ان انڈیا پروگرام کے سلسلہ میں ممبئی کے گرگام چوپاٹی ساحل پر آج ایک تہذیبی تقریب کے اسٹیج پر بھیانک آگ لگ گئی جہا ں کئی فلمی شخصیات اور سیاسی قائدین موجود تھے لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس نے صحافیوں کو بتایا کہ رات تقریبا8:22بجے آگ کو قابو میں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ تمام اہم شخصیات بشمول فڈ نویس، شیو سینا صدر ادھو ٹھاکرے، امیتابھ بچن اور عامر خان کو بحفاظت محفوظ مقامات پر پہونچایا گیا ، بعد میں اس پروگرام کو منسوخ کردیا گیا۔ آگ لگنے سے کچھ منٹ پہلے ہی امیتابھ بچن اسٹیج سے اترے تھے ۔ اہم شخصیات کی منتقلی کے آپریشن کی شخصی نگرانی کرنے والے فڈ نویس نے بتایا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے جس منصوبہ پر عمل کیا گیا اس کی وجہ سے پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد کی سلامتی کو یقینی بنایاجاسکا ۔ چودہ فائر انجنس اور دس واٹر ٹینکرس کے ذریعہ آگ پر قابو پایا گیا اور ہزاروں افراد کو حفاظت کے ساتھ ہٹالیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ فوری معلوم نہیں ہوسکی لیکن ریاستی بی جے پی کے ترجمان اتل شرما نے جو پہلی صف میں بیٹھے ہوئے تھے، بتایا کہ اسٹیج کے پیچھے سے لگی ۔ شیو سینا کے رکن اسمبلی وجئے شیو تارے نے کہا کہ اسٹیج کے پیچھے ایک شعلہ دیکھا گیا اور اس کے بعد آگ لگی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیج کے پیچھے500آرٹسٹ موجود تھے اور پروگرام کے مقام پر اندازاً50ہزار لوگ بشمول اہم شخصیات جمع ہوئی تھیں ۔ اداکار وویک اوبرائے نے جو ایک پروگرام کرنے کی تیاری میں تھے، بتایا کہ شعلے40سے50فٹ بلند ہوئے اور سمندر سے آنے والی ہواؤں کی وجہ سے ایسا اندیشہ تھاکہ آگ قریبی خیموں تک پھیل جائے گی لیکن مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل کی وجہ سے آگ پر قابو پایا گیا۔ آگ اس وقت بھڑکی جب ایک ڈانس پروگرام جاری تھا ۔ سپریم کورٹ نے چہار شنبہ کو بمبئی ہائی کورٹ کے ایک حکم پر روک لگادی تھی اور حکومت مہاراشٹرا کو گرگام چوپاٹی ساحل پر میک ان انڈیاویک پروگرام کے اہتمام کی اجازت دی تھی ۔ میک ان انڈیا پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی شرکت کی۔ فڈ نویس نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میک ان انڈیا کے دوسرے پروگرامس متاثر نہیں ہوں گے ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعہ کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لئے چیف منسٹر سے بات چیت کی ۔ فڈ نویس نے ٹوئٹر پر بتایا کہ معزز وزیر اعظم نریندر مودی نے ابھی مجھ سے بدبختانہ واقعہ کے بارے میں فون پر بات چیت کی اور حکومت ہند کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Huge fire engulfs Mumbai 'Make in India' stage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں