بین الاقوامی بحری مشقیں امن تعاون اور دوستی کی مظہر - پرنب مکرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-07

بین الاقوامی بحری مشقیں امن تعاون اور دوستی کی مظہر - پرنب مکرجی

وشاکھا پٹنم
یو این آئی
آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں بین الاقوامی بحری جہازوں کی مشقوں کے معائنے کے بعد صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی بحری جہازوں کی مشقوں میں ہندوستانی بحریہ کی طاقت کے مظاہرہ نے دنیا کے کئی ممالک کی بحریہ کو ہندوستانی ساحل پر لے آیا ہے ۔ اس سے امن ، تعاون، دوستی کے فروغ کے لئے سمندروں کے استعمال کی مشترکہ خواہش کا اظہار ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں بیرونی ممالک کی موجودگی نے اس بین الاقوامی موقع کو مزید شاندار بنادیا ہے اور اس سے آئی آر ایف کے حقیقی جذبہ کا اظہار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا واقعی ہم سمندروں کے ذریعہ متحد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کی بحریہ، خیر سگالی ، امن کے فروغ میں انوکھا کردار رکھتی ہیں۔ جہاز اور اس سے تعلق رکھنے والے وہ تمام لوگ جو اس یادگار تقریب میں حصہ لے رہے ہیں، عظیم ممالک کے سفرا ہیں ۔ ان کے عوام کی دوستی اور خیر سگالی کا پیام امن، خوشحالی اور باہمی تعاون کے فروغ میں ہمارے یقین کو مستحکم کرتا ہے ۔ آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں بین الاقوامی بحری جہازوں کی مشقوں کا آج آغاز ہوا جس میں دنیا کے کئی ممالک کے بحریہ کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے ان بحری جہازوں کی مشقوں کا وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر دفاع منوہر پاریکر کے ساتھ آئی این ایس سمترا آبی جہاز میں تفصیلی معاینہ کیا ۔ صدر جمہوریہ کو قبل ازیں ہندوستانی بحریہ کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدر جمہوریہ یہ تینوں افواج کے سپریم کمانڈر ہوتے ہیں ۔ اس موقع پر دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن، وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو اور دوسرے موجود تھے ۔ بحر ہند میں بین الاقوامی بحری جہازوں کی مشقوں کے دوران تقریبا 50ملکوں کے بحری افسر یہاں موجود ہیں اور ساتھ میں21ممالک کے بحریہ سربراہ بھی شامل ہیں ۔24غیر ملکی جنگی جہاز بھی یہاں لائے گئے ہیں ۔ اس تقریب میں75ہندوستانی بحری جہاز بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ اس تقریب میں امریکہ، روس، فرانس ، برطانیہ، چین اور جاپان سمیت کئی ممالک شامل ہیں۔ ہندوستان نے سب سے پہلے2001میں ممبئی میں بین الاقوامی بحری جہازوں کی مشقیں کی تھیں ۔ ان بحری جہازوں کے مشقوں کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پورے وشاکھا پٹنم میں سیس ی ٹی وی کیمروں کا جال بچھایا گیا ہے ۔ یہاں دس ہزار پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست کی خصوصی اینٹی ٹیرر فورس آکٹپس کے350سے زیادہ کمانڈوز یہاں تعینات کئے گئے ہیں۔ بحریہ کے اسپیشل میرین کمانڈوزبھی تعینات کئے گئے ہیں ۔ آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں بحری جہازوں کی مشقوں کا مشاہدہ کر نے ٹھیٹرس کے قریب عوام کی کثیر تعداد دیکھی گئی ۔ بحری جہازوں کی مشقوں کا براہ راست ٹیلی کاسٹ تھیٹرس میں کیاجارہا ہے ۔

Securing our seas: Pranab Mukherjee reviews India's naval might at International Fleet Review 2016

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں