کشمیر یونیورسٹی میں جے این یو طلبا کے حق میں ریالی اور دستخطی مہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-24

کشمیر یونیورسٹی میں جے این یو طلبا کے حق میں ریالی اور دستخطی مہم

سری نگر
یو این آئی
کشمیر یونیورسٹی کے درجنوں طلبا نے منگل کے دن جواہر لال نہرویونیورسٹی میں زیر تعلیم طالب علموںاور دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ایس اے آر گیلانی کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لئے یونیورسٹی کے احاطے میں ایک ریلی نکالی ، جس کے شرکاء نے جے این یو طلبا پروفیسر گیلانی، کنہیا کمار ، کشمیر کی آزادی کے حق میں اورمبینہ طور پر ملک مخالف نعرے بازی کی۔ ریلی میں شامل طالب علموں نے اسموقع پر جے این یو طلبا کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لئے دستخطی مہم بھی شروع کردی ۔ انہوں نے پروفیسر گیلانی اور جے این یو طلبہ یونین صدر کنہیا کمار کی فوری رہائی کامطالبہ کیا۔ کشمیر یونیورسٹی میں زیر تعلیم درجنوں طالب علم جن میں خواتین طلبہ بھی شامل تھیں، منگل کی صبح یونیورسٹی کے احاطے میں علامہ اقبال لائبریری کے سامنے جمع ہوئے اور جے این یو طلبا کی حمایت میں دستخطی مہم شروع کردی ۔ ان طالب علموں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا ررکھے تھے جن پر ہم جے این یو کے ساتھ ہیں، ہم آزادی اظہار رائے کے حق میں ہیں ۔ اختلاف رائے ہمارا حق ہے ، کے نعرے درج تھے ۔ ان طالب علموں نے بعد میں ریلی نکال کر مبینہ طور پر کشمیر کی آزادی، جے این یو طلبہ یونین صدر کنہیا کمار کے حق میں اور ہندوستان مخالف نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر مذکورہ پروگرام کے منتظم اشفاق علی نے نامہ نگاروں کوبتایا کہ جے این یو طلبا جنہیں ہندوستان کی فسطائی قوتیں نشانہ بنارہی ہیں ، کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لئے ہم نے ایک پر امن دستخطی مہم شروع کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہم ان طلبا کے ساتھ ہیں جنہوں نے مطلق العنانی کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں