جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت - غیر یقینی ختم کرنے محبوبہ مفتی کی راج بھون طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-02

جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت - غیر یقینی ختم کرنے محبوبہ مفتی کی راج بھون طلبی

سری نگر، جموں
پی ٹی آئی
غیر یقینی ختم کرنے گورنر جموں و کشمیر این این وورا نے صدر پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی محبوبہ مفتی اور ریاستی صدر بی جے پی ست پال شرما سے کہا ہے کہ وہ تشکیل حکومت پر کل اپنا موقف واضح کریں۔ وورا نے محبوبہ مفتی اور شرما کو کل علیحدہ علیحدہ راج بھون بلایا ہے تاکہ ریاست میں تشکیل حکومت کے مسئلہ پر بات چیت ہو جو سابق چیف منسٹر مفتی محمد سعید کے انتقال کے دوسرے دن8جنوری سے صدر راج کے تحت ہے ۔ پی ڈی پی ترجمان نعیم اختر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہاں گورنر نے محبوبہ مفتی کو کل ملاقات کے لئے بلایا ہے ۔ وہ دوپہر میں گورنر سے ملاقات کریں گی ۔ بعد ازاں شرما گورنر سے ملیں گے ۔ شرما نے کہا کہ ہاں ہم کل شام گورنر سے ملنے جارہے ہیں ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا بی جے پی تازہ انتخابات کے لئے تیار ہے ، شرما نے کہا کہ اس مسئلہ پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔ آئی اے این ایس کے بموجب گورنر جموں و کشمیر این این وورا نے پیر کے دن پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی سے خواہش کی کہ وہ منگل کو ان سے ملاقات کریں کیونکہ ریاست میں تشکیل حکومت پر الجھن بڑھ گئی ہے ۔ پی ڈی پی صدر کو ذریعہ فیاکس بھیجے گئے مکتوب میں وورا نے ان سے کہا ہے کہ وہ راج بھون( جموں) میں کل ان سے ملاقات کریں تاکہ چیف منسٹر مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے ۔7جنوری کو نئی دہلی کے ایمس میں مفتی سعید کے انتقال کو3ہفتے گزر چکے ہیں ، جموں و کشمیر میں کوئی منتخبہ حکومت نہیں ہے ۔ اتوار کو الجھن اس وقت اور بھی بڑھ گئی، جب محبوبہ مفتی نے اپنے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ چیف منسٹر بننے کو تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے مرکز سے ان کی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان اتحاد کے ایجنڈہ پر مقررہ وقت میں عمل آوری کے لئے تیقن مانگا تھا۔ اسی دوران پی ڈی پی ارکان اسمبلی نے اپنی پارٹی سربراہ کو اختیار دیا کہ وہ تشکیل حکومت کے مسئلہ پر گورنر کو پارٹی کی رائے سے واقف کرائیں۔ مفتی سعید کی رہائش گاہ پر پارٹی ارکان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی قائد نعیم اختر نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی نے اپنی صدر محبوبہ مفتی کو اختیار دیا ہے کہ وہ ریاست میں تشکیل حکومت کے مسئلہ پر گورنر کو پارٹی کی رائے سے واقف کروائیں ۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیاارکان اسمبلی نے آج کے اجلاس میں محبوبہ مفتی کو لیجسلیچر پارٹی قائد منتخب کیا یا نہیں ۔ محبوبہ مفتی87رکنی ریاستی اسمبلی کی رکن نہیں ہیں ۔ وہ فی الحال لوک سبھا میں حلقہ اننت ناگ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ان کے والد مرحوم چیف منسٹر مفتی سعید ، حلقہ اسمبلی اننت ناگ کی نمائندگی کرتے تھے ۔ محبوبہ مفتی کے تشکیل حکومت کا دعوی پیش کرنے آگے نہ آنے پر8جنوری کو سرحدی ریاست میں گورنر راج لاگو کردیا گیا تھا۔

J&K deadlock: Governor asks BJP, PDP to clarify stand

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں