ہندوستان پرامن و خوشحال افغانستان کی تعمیر کا پابند - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-02

ہندوستان پرامن و خوشحال افغانستان کی تعمیر کا پابند - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر راعظم نریندر مودی نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان ایک پر امن افغانستان کی تعمیر کا پابند ہے ۔ انہوں نے افغانستان کے چیف اگزیکٹیو آفیسر اور مجلس وزراء کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کے موقع پر یہ بات کہی ۔ وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نے ہندوستانیوں اور بالخصوص مزار شریف شہر میں 4اور5جنوری2016کو ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ کے دوران تحفظ فراہم کرنے پر حکومت افغانستان اور وہاں کی سیکوریٹی فورسس سے ممنونیت کا اظہار کیا اور ان کی بہادری و قربانی کی ستائش کی ۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان افغانستان کو ایک پر امن ، مستحکم ، خوشحال ، شمولیاتی اور جمہوریہ ملک بنانے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا پابند ہے ۔ دوسری جانب عبداللہ عبداللہ نے گزشتہ سال دسمبر میں مودی کے اولین اور کامیاب دورہ افغانستان کی یاد تازہ کی۔25دسمبر کو مودی کے دورہ کابل کے موقع پر افغان پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح عمل میں آیا تھا ، جو ہندوستان کی مدد سے تعمیر کی گئی ہے ۔ آج کی ملاقات میں عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ ان کے اس دورہ سے دونوں ملکوں کے مابین حکمت عملی شراکت داری کو نئی طاقت حاصل ہوئی ہے ۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے افغانستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے ہندوستان کی جانب سے دی جانے والی مدد کی ستائش کی ۔ دونوں قائدین نے باہمی و علاقائی تناظر میں حکمت عملی شراکت داری کو مزید گہرائی و گیرائی عطا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب افغانستان نے92چھوٹے ترقیاتی پراجکٹس کے تیسرے مرحلے کو منظوری دے دی ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج کی افغانستان کے چیف اگزیکٹیو آفیسر اور مجلس وزراء کے صدر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا گیا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے ٹوئٹر پر کہا کہ سشما سوراج نے(افغان) عوام کے فائدے کے لئے حکمت عملی شراکت داری کو منظوری دے دی ہے ۔ مودی اور عبداللہ عبداللہ کی موجودگی میں ایک معاہدہ پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت دونوں ملکوں کے سفارت کاروں کو بغیر ویز ا سفر کی اجازت حاصل رہے گی ۔ عبداللہ عبداللہ نے جو اتوار کو پانچ روز ہ دورہ ہند پر پہنچے ہیں ، کل جئے پور کے لئے روانہ ہوں گے ۔ جہاں وہ انسداد دہشت گردی پر ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے ، جس میں کلیدی خطاب بھی کریں گے۔ انڈیا فاؤنڈیشن نے سردار پٹیل یونیورسٹی آف پ ولیس ، سیکوریٹی اینڈ کریمنل جسٹس کے اشتراک سے اس کانفرنس کا اہتمام کیا ہے۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اس کا افتتاح کریں گے ۔ اس کانفرنس میں انسداد دہشت گردی ماہرین ، پالیسی ساز اور ہندوستان و بیرونی ممالک کے دانشور حصہ لیں گے ۔ پہلی انسداد دہشت گردی کانفرنس مارچ2015میں جئے پور میں منعقد ہوئی تھی۔

PM Narendra Modi Reiterates India Stand For Building Peaceful Afghanistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں