فصل انشورنس میں 50 فیصد کسانوں کی شمولیت کی خواہش - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-01

فصل انشورنس میں 50 فیصد کسانوں کی شمولیت کی خواہش - وزیر اعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حال ہی میں اعلان کردہ فصلی انشورنس اسکیم کے فوائد کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اس کے بارے میں بیداری ملک بھر میں پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ دو برسوں میں کم از کم پچاس فیصد کسان اسکیم سے وابستہ ہوجائیں گے ۔ وزیر اعظم نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں کھادی کو عام کرنے اور لڑکیوں کو بچانے سے متعلق بیداری کے لئے کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے حالیہ شروع کردہ اسٹارٹ اپ انڈیا پروگرام اور وشاکھا پٹنم میں منعقد ہونے والے مجوزہ بین الاقوامی بحری جائزہ پروگرام کے بارے میں بھی بات کہی ۔ مودی نے کہا کہ پردھان منتری فصلی انشورنس اسکیم سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے بارے میں وہ عوام سے زیادہ سے زیادہ مدد چاہتے ہیں ۔ یہ اسکیم اس ماہ کے اوائل مین شروع کی گئی ۔ مودی نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسانوں کے نام پر بہت کچھ کہاجاتا ہے لیکن وہ اس بحث میں الجھنا نہیں چاہتے ۔ کسان بڑے بحران کا سامنا کرتے ہیں۔ آفات سماوی کی صورت میں ان کی تمام محنت پر پانی پھر جاتا ہے ۔ اس کی ایک سال کی محنت ضائع ہوجاتی ہے ۔ ایسے میں اسے تحفظ فراہم کرنے کے لئے صرف ایک ہی بات ذہن مین آتی ہے اور وہ فصلی انشورنس ہے ۔ سال کے اپنے پہلے ماہانہ ریڈیو پروگرام میں وزیر اعظم نے کسانوں کے مسئلہ پر بھرپور تجوہ دی اور کہا کہ نئے سال میں مرکزی حکومت نے پردھان منتری فصلی انشورنس اسکیم کی شکل میں کسانوں کو ایک بڑا تحفہ دیا ہے ۔ یہ اسکیم تعریف و ستائش کے لئے شروع نہیں کی گئی ۔ کئی برسوں سے فصلی انشورنس کی بات کی جارہی تھی لیکن ایسی اسکیمات سے صرف20تا25فیصد کسان استفادہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ کیا ہم یہ عہد کرسکتے ہیں کہ آئندہ 2برسوں میں ہم کم از کم پچاس فیصد کسانوں کو اس اسکیم سے جوڑ دیں گے ۔ وہ عوام سے مدد چاہتے ہیں کیونکہ ایک کسان اسکیم سے وابستہ ہوگیا تو آفات سماوی پر اسے بہت بڑی مدد ملے گی ۔ تیس منٹ کی من کی بات میں مودی نے ملک مین صفائی اور خوبصورتی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے گوہاٹی میں منعقد شدنی جنوبی ایشیائی گیمس اور آنے والے مہینوں میں دس ویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات پر بھی اظہار خیال کیا۔ عوامی مقامات جیسے ریلوے اسٹینوں، بس اسٹانڈس، منادر اور مساجد اور گرجا گھروں کے بشمول ایسے مقامات کو خوبصورت بنانے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ اس طرح کی کوششوں سے متعلق تصاویر انہیں بھیجیں ۔ مودی نے شہریوں کے حقوق کے ساتھ ان کے فرائض کی اہمیت کی جانب بھی توجہ دلائی ۔ اپنے پہلے من کی بات پروگرام میں کھادی کو عام کرنے کی اپیل کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اب زیادہ سے زیادہ نوجوان کھادی استعمال کرنے لگے ہیں ۔ وہ ایک بار پھر اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے ملبوسات میں کم از کم ایک جوڑا کھادی کا ضرور شامل کریں ۔ 4تا8فروری وشاکھا پٹنم میں منعقد شدنی بین الاقوامی بحری جہاز جائزہ کے بارے میں مودی نے بتایا کہ دنیا کے کئی ممالک اس بحری پروگرام میں حصہ لیں گے جس کی ہندوستان میزبانی کررہا ہے ۔ بحریہ کی تاریخ میں یہ ایک بڑا اہم واقعہ ہے ۔ امتحانات کا سامنا کرنے والے طلبہ سے مودی نے خواہش کی کہ وہ کسی ذہنی دباؤ یا تناؤ کے بغیر امتحانات لکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب فون نمبر8190881908پر ایک مس کال دیتے ہوئے من کی بات سن سکتے ہیں ۔

PM Modi on crop insurance: 'Target 50% farmers in 2 yrs'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں