مضبوط جمہوریت سے غریب و پسماندہ طبقات کا استحکام ممکن - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-08

مضبوط جمہوریت سے غریب و پسماندہ طبقات کا استحکام ممکن - نتیش کمار

پٹنہ
یو این آئی
چیف منسٹربہار نتیش کمار نے آج کہا کہ جب پارلیمانی جمہوریت مضبوط ہوگی تبھی غریب اور پسماندہ طبقات مضبوط ہوں گے ۔ نتیش کمار نے یہاں بہار اسمبلی کے یوم تاسیس کی تقریب کے ساتھ قانون ساز کونسل کے ارکان کے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد نو منتخب اراکین اسمبلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں اس بار98اراکین پہ لی بار انتخابات جیت کر آئے ہیں۔ پہلی بار جیت کر آنے والے ارکان کو کام انجام دینے کی بہتر معلومات ہونی چاہئے اور اسی کو دیکھتے ہوئے نو منتخب ارکان کی روشن خیالی کا پروگرام منعقد کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لوگوں نے جنہیں اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے انہیں کس طرح سے عوامی مسائل کے سوالوں کو ایوان کے اندر اٹھانا چاہئے اور ایوان کی کارروائیوں کے سلسلے میں بھی معلومات ہونی چاہئے۔ نو منتخب ارکان کے لئے اس طرح کا یہ پہلا تجربہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب ارکان کے دماغ میں اگر کسی بھی طرح کا سوال ہو تو وہ بلا جھجک اس کو ایوان میں پوچھ سکتے ہیں۔ نتیش کمار نے کہا کہ عام جلسوں اور پارلیمانی اداروںمیں اظہار خیال کرنے میں فرق ہوتا ہے ۔ پارلیمانی اداروں میں شرائط و ضوابط کے مطابق ہی خیالات کا اظہار کیاجاسکتا ہے ۔ نتیشکمار نے کہا کہ پارلیمانی نظام بہترین نظام حکومت ہے ۔ عوام اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعہ حکومت بناتی ہے اور لوگوں کی مرضی سے حکومت چلتی ہے ۔ اس کا غلط استعمال ہونے پر اگلے الیکشن میں عوام ان کو مسترد کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے منتخب نمائندوں سے توقعات ہوتی ہے اور ان پر اعتماد بھی ہوتا ہے ۔ عوامی نمائندوں کے رویے اور طرز عمل اچھا ہونے سے علاقے کے لوگ بھی اپنے آپ پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قانون ساز کونسل میں ضابطہ کمیٹی کا صدر رہتے ہوئے انہوں نے ضابطہ اخلاق بنانے میں اہم کردار نبھایا ہے ۔ جو ضابطہ اخلاق بنایا گیا ہے وہ تمام عوامی نمائندوں کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے مسئلے کو جماعتی حد میں نہیں باندھا جاسکتا ہے اور اس کو اپنی ساکھ کا سوال نہیں بنانا چاہئے ۔ بہت سے مسائل ایسے ہوتے ہیں جو دبے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں احتجاج اور ہنگامہ اس کا ایک حصہ ہے ، لیکن اس کی بھی ایک حد ہے ۔ نتیش کمارنے کہا کہ سیاسی لیڈروں کو اپنی تنقید سے نہیں گھبرانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ہیں تو ان میں ضرور کوئی خاص بات ہے تبھی وہ عوامی نمائندے بنے ہیں ۔ ایوان میں بولیں گے تو ان کے علاقے میں پیغام جائے گا۔

Nitish Kumar on 96th foundation day of Bihar assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں