شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم تجربہ کی عالمی مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-07

شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم تجربہ کی عالمی مذمت

اقوام متحدہ ، واشنگٹن، ٹوکیو ، بیجنگ
اے ایف پی، پی ٹی آئی ، رائٹر
اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل نے شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربہ کے دعویٰ کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ صبح کے وقت پندرہ ارکان سیکوریٹی کونسل نے بند دروازہ کے دوران تبادلہ خیال کیا۔ ہنگامی اجلاس کا مطالبہ ، اقوام متحدہ اور جاپان نے کیا تھا ۔ امریکی مشن کی خاتون ترجمان ہیگر پیمالی نے بتایا کہ فی الوقت ہائیڈروجن بم تجربہ کی توثیق ممکن نہیں تاہم سیکوریٹی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے اور ہم شمالی کوریا سے ایک بار پھر بین الاقوامی ذمہ داریوں اور عہد کا پابند رہنے کا مطالبہ کرتے ہین ۔ اگر یہ واقعہ ہائیڈروجن بم تجربہ ہے تو اس سے شمالی کوریا کی نوکلیر صلاحیتوں میں فروغ کا پتہ چلتا ہے جو قبل ازیں یورانیم اور پلوٹونیم کی مدد سے اس سے کم طاقتور بموں کا تجربہ کرچکا ہے ۔ اگر شمالی کوریا کا دعویٰ صحیح ہے تو اس کے نیو کلیر پروگرام کے خلاف سخت تر پابندیاں اور بین الاقوامی تحدیدات عائد ہوں گی ۔ پیانگ یانگ2009,2006اور2013ء میں تین نیو کلیر تجربہ کرچکا ہے جس کے نتیجہ میں اس کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں عائد ہوچکی ہیں ۔ اقوام متحدہ کی بعض قرار دادوں کی رو سے نیو کلیر سر گرمیوں اور بالسٹک میزائل ٹکنالوجی پر پابندیاں عائد ہیں ۔ امریکی وزارت خارجہ ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ، شمالی کوریا کی اس حرکت کا انتہائی مناسب جواب دینے کا عہد کرتا ہے ۔ ہٹ دھرم اور ضدی کمیونسٹ ملک نے ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربہ کا دعویٰ کیا ہے جو انتہائی اشتعال انگیز ہے ۔ ہم خطہ میں اپنے حلیفوں کے دفاع اور تحفظ کے اقدامات جاری رکھیں گے جن میں ریپبلک آف کوریا بھی شامل ہے ۔ ہم شمالی کوریا کی جانب سے اشتعال انگیز کارروائیوں کے مناسب کا عہد کرتے ہیں ۔ ہم کوریائی جزیرہ نما میں زلزلہ نما سر گرمیوں سے واقف ہیں جس سے نیو کلیر تجربہ کی نشاندہی ہوتی ہے ۔ آج شمالی کوریا کے نیو کلیر تجربہ مقام کے قریب5.1شدت کا زلزلہ آیا ۔ حکومت جاپان نے زلزلہ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ آج جھٹکے محسوس کئے گئے جو شمالی کوریا کے تجربہ کے زیر اثر ہوسکتے ہیں ۔ چیف کابینی سکریٹری یوشیدے سوگا نے بتایا کہ ماضی کے واقعات کے پس منظر میں یہ کہنا دشوار نہیں کہ شمالی کوریا نے نیو کلیر تجربہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان صورتحال کا تجزیہ کررہا ہے ۔ دریں اثناء جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے نے شمالی کوریا کے اس اعلان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کہ یہ تجربہ جاپان کے لئے انتہائی سنگین خطرہ اور نیو کلیر عدم توسیع کوششوں کے لئے زبردست چیالنج ہے۔ آبے نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کی سخت مذمت کرتا ہوں ۔ شمالی کوریا کا نیو کلیر تجربہ جاپانی قوم کے سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے جو ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے ۔ اس حرکت سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور یہ حرکت نیو کلیر عدم توسیع سے متعلق بین الاقوامی کوششوں اور کارروائیوں کے مغائر ہے ۔ ہم امریکہ جنوبی کوریا چین اور روس کے ساتھ اشتراک سے اس کے خلاف کارروائیاں کریں گے ۔ چین نے بھی اپنے حلیف کمیونسٹ ملک سے اپنے وعدوں کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی دھیان رکھنے پر زور دیا کہ ایسی کارروائیوں سے باز رہنا ضروری ہے جن سے خطہ کی صورتحال میں ابتری کا اندیشہ ہو۔ چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں یہ احساس ظاہر کیا۔

North Korea nuclear: State claims first hydrogen bomb test

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں