کانگریس پٹھان کوٹ حملہ کو سیاسی رنگ دینے کوشاں - بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-03

کانگریس پٹھان کوٹ حملہ کو سیاسی رنگ دینے کوشاں - بی جے پی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی نے آج کہا کہ ایک حملہ کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ شروع کئے گئے مذاکرات منسوخ نہیں کئے جاسکتے اور کانگریس پرالزام عائد کیا کہ وہ پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کے واقعہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے ۔ مرکزی وزیر پرکاش جاودیکر نے پڑوسی ملک کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کی تائید کی اور کہا کہ جب تک آپ دہشت گردی پر بات چیت نہیں کریں گے ، دہشت گردی کم نہیں ہوگی ۔ وزیر ماحولیات نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی لاہور پہل کے بعد اب تمام تر ذمہ داری پاکستان پر ہے کہ وہ2004میں ہندوستان سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے کہ وہ اپنی سر زمین کو دہشت گرد سر گرمیوں کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا ۔ ایک حملہ کی وجہ سے اس عمل( بات چیت ) کوتباہ نہیں کیاجاسکتا۔ پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے ۔ آپ اپنے پڑوسی کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ آپ اپنے دوستوں کو تو تبدیل کرسکتے ہیں اور اسی لئے ہمیں بات چیت جاری رکھنی ہوگی، لیکن یہ بات چیت زیادہ تر دہشت گردی کے مسئلہ پر مرکوز ہونی چاہئے اور ہندوستان یہی کررہا ہے ۔ انہو ںنے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے اس بیان کی تائید کی کہ ہندوستان ، پاکستان کے ساتھ دوستی کرنا چاہتا ہے ۔ لیکن دہشت گردی کی کسی بھی حرکت کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔اسی دوران سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے اڈہ پر حملہ، وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے پہلا بڑا چیلنج ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ بہت جلدی تھا۔ یہ وزیر اعظم نریند ر مودی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ کیے گئے اہم اقدامات کے لئے پہلا بڑا چیلنج ہے۔ عبداللہ نے کہا کہ گزشتہ تجربوں سے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ دہشت گرد چند گھنٹوں کے اندر سرحد پار کرکے آئے اور ہندوستانی فضائیہ کے اڈے کو نشانہ بنایا۔ عمر عبداللہ نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پرانے بیان کہ دہشت گردی اور بات چیت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی ، سے پیچھے ہٹ گئی ہے ۔
اسی دوران پٹھان کوٹ سے موصولہ اطلاع کے مطابق کانگریس قائد اشونی کمار نے آج کہا کہ وزیر اعظم اور مرکزی حکومت کو ہندوستانی فضائیہ کے اڈہ پر مسلح پاکستانی دہشت گردوں کے علی الصبح کیے گئے حملے کے بنیادی حقائق کی روشنی میں پاکستانی کے ساتھ جاتی بات چیت کی سمت اور نوعیت کا دوبارہ جائزہ لے رہا ہے ۔ اشونی کمار جنہوں نے مخالف پاکستان احتجاج کے دوران یہاں چوکی کا دورہ کیا ، کہا کہ انٹلیجنس اور سیکوریٹی انتظامات میں اگر کوئی خلا ہے تو اسے پر کرنا ہوگا ، کیوں کہ ایجنسیوں کو اس کے بارے میں مبینہ طور پر اطلاع ہونے کے باوجود اس حملہ کو ناکام نہیں بنایاجاسکا ۔ سابق مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کانگریس جو شرمناک حملہ کی مذمت کرتی ہے ، دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے ۔ حکومت، مسلح افواج کی پوری تائید کرتی ہے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سرحد پار ہندوستان کی دشمن طاقتوں نے یہ حملہ کرایا ہے ۔ ایسے حملوں کا ایک مقررہ طرز ہوتا ہے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو بنیادی حقائق کی روشنی میں پاکستان کے ساتھ بات چیت کی سمت اور نوعیت کا جائزہ لینا ہوگا ۔ نئی دہلی سے موصولہ اے این ایس کی اطلاع کے مطابق کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بھی آج پنجاب میں پٹھان کوٹ میں فضائیہ پر دہشت گردی حملہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں اس حملہ کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور اس حملہ میں شہید بہادر فوجیوں کے ارکان خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ۔
نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے اڈہ میں داخل ہونیو الے دہشت گرد وں نے جیسے ہی اسٹیشن پر قدم رکھا فضائی نگرانی پلیٹ فارمس سے ان کا پتہ چلا لیا گیا ۔ ایک عہدیدار نے آج اپنے بیان میں یہ بات بتائی اور کہا کہ قیمتی اثاثوں کوتباہ کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔ فضائیہ نے ہوائی اڈہ کے اطراف و اکناف جاری تلاشی مہم کے دوران ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے منصوبہ کو موثر تیاریوں اور متحدہ کوششوں کے ذریعہ ناکام بنادیا گیا۔ بیان میں کہا گیاکہ انٹلی جنس ایجنسیوں سے یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دہشت گرد پٹھان کوٹ علاقہ میں فوجی تنصیبات کے علاقہ میں در اندازی کی کوشش کرسکتے ہیں اور ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے احتیاطی اقدامات کیے گئے تھے ۔ ویسٹرن ایر کمانڈ کے چیف ایر مارشل ایس بی دیو مقام واقعہ پر ہیں اور بذات خود فوج کی کارروائیوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ وہ فوج، این ایس جی اور مقامی پولیس کے ساتھ تال میل بھی بنائے ہوئے ہیں تاکہ معلومات کا تبادلہ کیاجاسکے اور کارروائی انجام دی جاسکے۔

Congress 'politicising' Pathankot terror attack: BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں