اعظم گڑھ کے معروف صحافی ظفر زاہدی کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-05

اعظم گڑھ کے معروف صحافی ظفر زاہدی کا انتقال

Azamgarh-journalist-Zafar-Zahidi
اعظم گڑھ
ایس این بی
کہنہ مشق صحافی و عالمی شہرت یافتہ مفسر قرآن عالم دین علامہ حمید الدین فراہی ؒ کے پوتے سعداللہ فراہی المعروف ظفر زاہدی نے آج دوپہر کو داعی اجل کو لبیک کہا ۔ وہ64برس کے تھے، دل کا دورہ پڑنے پر سعد اللہ فراہی کو اعظم گڑھ کے اسپتال میں اتوار کو تقریبا 3بجے علا ج کے لئے داخل کرایا گیا تھا جہاںپر حالت کو تشویشناک دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں بنارس اسپتال کے لئے ریفر کردیا ۔ انہیں بنارس لے جایاجارہا تھا کہ آج دوپہر تقریبا ایک بجے دن میں گمبھیر پور تھانہ حلقہ کے بندرا بازار کے پاس ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی ۔ انہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز روزنامہ قائد لکھنو سے کیا تھا۔ صحافت میں ان کی رہنمائی نامور صحافی محفوظ الرحمن نے کی اور اس سے قبل وہ ہندوستان کے تمام معیاری اخبارات و رسائل میں شائع ہوتے رہے ۔ ظفر زاہدی کی ابتدائی تعلیم مدرسہ الاصلاح سرائے میر اعظم گڑھ میں ہوئی اور کچھ دنوں تک وہ ندوۃ العلماء لکھنو میں بھی رہے۔ دہلی میں مختلف اخبارات میں صحافتی خدمات انجام دینے کے بعد وہ قومی آواز و انقلاب سے منسلک ہوئے ۔2006میں ظفر زاہدی روزنامہ راشٹریہ سہارا سے منسلک ہوئے۔10سال تک روزنامہ راشٹریہ سہارا میں صحافتی خدمات انجام دیا ۔ چند ماہ قبل تک وہ کانپور ایڈیشن کے انچارج تھے اور وہیں سے سبکدوش ہوئے۔ ان کی خدمات کے تحت انہیں ملک کی اہم ادبی تنظیموں ،انجمنوں کی جانب سے ممبئی، دہلی، لکھنو، کانپور، مؤ اور اعظم گڑھ سمیت گورکھپور میں صحافتی ایوارڈ ملے ہیں۔ مرحوم کو اعظم گڑھ سے خاص دلچسپی تھی ۔ اپنے آبائی وطن فریہا میں انہوں نے مولانا فراہی جونئیر ہائی اسکول کا قیام عمل میں لایا جہاں بچے اور بچیاں آج دینی و عصری علوم حاصل کررہی ہیں ۔ مرحوم کے پسماندگان میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں و اہلیہ ہیں ۔ ان کی تدفین بروز منگل موضع فریہا میں11بجے دن میں ہوگی ۔ ظفر زاہدء کے انتقال سے علمی، ادبی و صحافتی حلقوں میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے ۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا ظفر زاہدی کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے ۔

Azamgarh journalist Zafar Zahidi dies

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں