ایس این بی
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی صدارت میں منگل کو ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں اتر پردیش پولیس میں کانسٹبلوں کی بھرتی کے ضابطہ میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ اب کانسٹبلوں کی بھرتی کے لئے تحریری امتحان نہیں ہوگا بلکہ ہائی اسکو ل اور انٹر میڈنٹ کے امتحانات کی میرٹ اور جسمانی پیمائش کے بعد دونوں میرٹ کو جوڑ دیاجائے گا اور بھرتی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ ریاستی حکومت اب نئے ضابطہ کے تحت35ہزار کانسٹبلوں کی بھرتی کرے گی۔کابینہ نے اس فیصلہ کو منظوری دے دی ہے ۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت گزشتہ کئی ماہ سے کوشش کررہی تھی کہ کانسٹبلوں کی بھرتی تحریری امتحان کے بغیر ہو کیونکہ گزشتہ دنوں ملازمت کے لئے جو امتحانات کرائے گئے ان میں بیشتر کے پیپر کسی نہ کسی ضلع میں لیک ہوگئے اور کوئی نہ کوئی گڑ بڑ ہوئی اسی لئے حکومت نے بغیر تحریری امتحان کے بھرتی کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ واضح رہے کہ ایس پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک40ہزار کانسٹبلوں کی بھرتی کی گئی ہے اور 35ہزار عہدے ابھی خالی ہیں جن پر نئے ضابطہ کے تحت بھرتی کی جائے گی۔ کابینہ نے ریاست کے100سرکاری انٹر کالجوں میں ، کلین اسکول گرین اسکول ، اسکیم نافذ کردی ہے ۔ ان میں گرلس اور بوائز دونوں کے انٹر کالج شامل ہوں گے ۔ اسکیم میں طلبہ و طالبات کو ماحولیات ، صفائی، اسکولوں کی مضبوطی ، رکھ رکھاؤ، کھیل کے میدان کا فروغ وغیرہ کی جانکاریاں دی جائیں گی ۔ اس کے ساتھ ہی فرنیچر سمیت تکنیکی طریقہ سے درس و تدریس کے لئے اسمارٹ کلاسیز کا بھی انتظام کیا جائے گا کابینہ نے کانپور کے ہر کورٹ ، بٹلر ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے فیصلہ پر بھی مہر لگا دی ہے ۔ ریاست میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کی یہ تیسری یونیورسٹی ہوگی ۔ یہ یونیورسٹی مکمل طور پر رہائشی(بغیر الحاق) ہوگی۔ اسی طرح کابینہ نے اینٹ بھتہ تاجروں کے لئے سیٹلمنٹ اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ پی اے سی اہلکاروں کو پولیس کینٹین سے بغیر ویٹ کے اب سامان ملے گا۔ کابینہ نے10ہزار روپے تک کے سیل فون پیکڈ ایسسریز ویٹ4فیصد کردیا ہے ۔ جالون سے اور ئی تک فورلین سڑک کی تعمیر کو بھی کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور للت پور جھانسی ، مہوبہ اور چتر کوٹ میں4200کنوؤں کی تعمیر کو بھی ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ۔ کابینہ کی میٹنگ میں جھانسی میں باغبانی اور فوڈ پروسیسنگ محکمہ کی چار ایکڑ اراضی سیوریج پلانٹ کی تعمیر کے لئے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بریلی میں پی پی پی ماڈل کی بنیاد پر جدید ترین مذبح کی تعمیر کے لئے ماریا فروزن ایگرو فوڈس پرائیویٹ لمٹیڈ ، کوٹنڈر دہندہ کے بطور منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کابینہ نے پھولپور دیہات( اعظم گڑھ) میں کثیر المقاصد ہال کی تعمیر کے لئے248.42لاکھ روپے کی مالی امداد دو برابر برابر قسطوں میں شرائط کے تحت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورکھپور کے ویر بہار سنگھ اسپورٹس کالج کے میدان میں ہاکی کھلاڑیوں کے لئے ایسٹرو ٹرف لگایاجائے گا اور کشتی ہال بھی تعمیر ہوگا ۔ کابینہ کی میٹنگ میں آ ج یہ فیصلہ بھی کیا گیا اور کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ گورنمنٹ کالج جھانسی کے ہیرپٹیج شکل کو برقرار رکھاجائے گا۔
Uttar Pradesh Government to Appoint 35,000 Policemen Without Written Test
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں