یونان سے بے دخل افراد کو پاکستان میں اترنے نہیں دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-04

یونان سے بے دخل افراد کو پاکستان میں اترنے نہیں دیا گیا

اسلام آباد
رائٹر
پاکستانی حکام نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایر پورٹ پر یونان سے آنے والے30پاکستانیوں کو طیارے سے اترنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ ان افراد کے بارے میں بتایاجاتا ہے کہ انہیں یونان سے غیر قانونی دستاویزات رکھنے پر ملک بدر کیا گیا ہے ۔ ہوائی اڈے پر تعینات سیکوریٹی عہدہ داروں نے طیارے کو حصار میں بھی لے لیا ہے۔ ایئر پورٹ پر موجودہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ یعنی ایف آئی اے کے حکام کے مطابق یونان سے آنے والے چارٹرڈ طیارے پر49پاکستانی سوار تھے ، جن میں سے صرف19ایسے تھے جن کے نام یونانی حکام کی جانب سے فراہم کردہ فہرست مین شامل تھے اور ان کے پاکستانی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ حکام کے مطابق ان19افراد کو طیارے سے اتار کر پاسپورٹ سیل لے جایا گیا ہے جبکہ بقیہ30افراد طیارے پر ہی موجود ہیں ۔ ایف آئی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں وزارت داخلہ کی طرف سے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں جب تک دیگر ملکوں اور بالخصوص یوروپ سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے بارے میں نا قابل تردید شواہد پیش نہیں کئے جاتے اس وقت تک انہیں پاکستانی سر زمین پر اترنے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تاہم ایف آئی اے کے حکام کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے انہیں اس طیارے کو واپس بھیجنے سے متعلق ہدایات نہیں ملیں ۔ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق تارین وطن کے امور کے بارے میں یوروپی یونین کے حکام سے حالیہ ملاقات کے طئے کیا گیا تھا کہ یورپی یونین اور پاکستانی حکومت کے درمیان2009ء میں ہونے والے معاہدے کے سقم دور کئے جائیں گے ۔ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق ابھی یہ معاملہ حل نہیں ہوا اور اس سے پہلے ہی یوروپی یونین کے رکن ملک کی طرف سے اس کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدہ دار نے بتایا کہ جن پاکستانیوں کو یونان سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے ان کے بارے میں پاکستانی حکام کو پہلے سے نہ تو کوئی معلومات دی گئیں اور نہ ہی ان افراد کی شہریت کے بارے میں پاکستانی حکام نے کوئی تصدیق کی ہے ۔ وزارت داخلہ کے عہدہ دار کے مطابق اس سے پہلے بھی یونان سے کچھ پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا تاہم انہیں جہاز سے اترنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ عہدہ دار کے مطابق یونان میں سینکڑوں پاکستانی جعلی دستاویزات کے الزام میں پکڑے گئے ہیں جنہیں واپس بھجوانے کے لئے یونان کی حکومت نے تمام تیاریاں مکمل کررکھی ہیں ۔

Pakistan refuses to allow migrants deported from Greece to disembark from plane in Islamabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں