کینیا میں مسلمانوں نے عیسائیوں کی جان بچائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-23

کینیا میں مسلمانوں نے عیسائیوں کی جان بچائی

نیروبی
یو این آئی
مسلمانوں نے مشتبہ اسلامی شدت پسندوں کے حملہ کی زد میں آئے عیسائیوں کی جان بچائی ۔ برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق افریقی ملک کینیا کے صوبہ مندیرا میں حملہ آوروں نے ایک بس میں سوار تمام مسافرین کو حکم دیا کہ وہ اتر جائیں اور مسلم اور غیر مسلم گروپوں میں بٹ جائیں ۔ اس انتہائی آزمائش بھری صورتحال میں نیروبی سے مندیرا جانے والی بس کے مسلمان مسافراپنے عیسائی بھائیوں کے لئے ڈھال بن گئے اور مذہب کی پہچان کے ساتھ الگ ہونے سے انکار کردیا ۔ اخبار کے مطابق مسلم مسافرین نے حملہ آوروں کو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ عیسائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے خواہ انہیں بھی کیوں نہ موت کا سامنا کرنا پڑے ۔ مندیرا کے گورنر علی روبا کی ایک مقامی خبرر ساںاایجنسی سے بات چیت کے حوالے سے اخبار نے خبر دی کہ خوف کے ماحول میں مسلمان غیر مسلموں کے ساتھ کھڑے رہے اور حملہ آوروں کو لکارتے رہے کہ وہ یا تو سب کو ماردیں یا سب کو چھوڑ دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح عام مسلمانوں کی اس ہمت نے حملہ آوروں کے حوصلے پست کردئیے اور ان لوگوں نے وہاں سے نکل جانے میں عافیت سمجھی کیونکہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ مقامی آبادی کی جانب سے جوابی حملہ ہوسکتا ہے ۔ اس کے باوجود انتہا پسندوں نے کچھ فائرنگ کی جس کی زد میں آکر دو ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ۔ بس پر حملہ کی ذمہ داری صومالیہ میں سر گرم شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کرلی ہے جو القاعدہ کی ذیلی تنظیم ہے اور یہ پہلے بھی کینیا کے سرحدی علاقوں میں اس طرح کے حملے کرچکی ہے ۔ رواں برس اپریل میں بھی اس تنظیم کے شدت پسندوں نے کینیا کے گاریسا یونیورسٹی کالج میں حملہ کر کے148افراد کو ہلاک کردیا تھا ۔ اس حملہ میں بھی شدت پسندوں نے پہلے مسلم اور غیر مسلم گروپوں کو علیحدہ کیا اور پھر غیر مسلم افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔ گزشتہ سال بھی نیروبی جانے والی بس پر حملہ کر کے الشباب کے شدت پسندوں نے مندیرا کے قریب28غیر مسلموں کو ہلاک کردیا تھا۔

Kenyan Muslims shield Christians in Mandera bus attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں