کیا وزیراعظم مودی داؤد ابراہیم کو لانے پاکستان گئے - شیو سینا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-26

کیا وزیراعظم مودی داؤد ابراہیم کو لانے پاکستان گئے - شیو سینا

نئی دہلی
پی ٹی آئی،یو این آئی
بی جے پی کی حلیف جماعت شیو سینا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر متوقع دور ہ پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا مودی پاکستان سے انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کو لانے گئے ہیں ۔ شیو سینا کے ترجمان سنجے راوت نے ٹویٹر کے ذریعہ مودی کے دورہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر وزیرا عظم کا اس طرح اچانک پاکستان جانے کا کیا مطل ہے ۔ کیا وہ داؤد ابراہیم کو لے کر آنے والے ہیں ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ داؤد کی کل سالگرہ ہے ۔ کئی بڑی ہستیاں اسے مبارکباد دینے پاکستان پہنچ رہی ہیں ۔ کیا مودی اور پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان آج ہونے والی ملاقات کے بعد داؤد ابراہیم کو ہندوستان کے حوالہ کیاجائے گا ۔ تاہم ، مخالفت کی ان آوازوں کے درمیان جمون و کشمیر میں بی جے پی کی اتحادی پی ڈی پی نے اس ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ یہ ملاقات مثبت رہے گی ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے دورہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے ۔ مودی کے دورہ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مفتی سعید نے بتایا کہ اس سے علاقہ میں امن کی ایک نئی صبح بیدار ہوگی اور دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے ۔ جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ نے بھی مودی کے اس دورہ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ قبل ازیں اٹل بہاری واجپائی نے لاہور کا دورہ کیا تھا اور ان کی یوم پیدائش پر مودی کا لاہور پہنچنا ایک خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے ہی مسائل کو حل کیاجاسکتا ہے اور وزیر اعظم کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا ۔ دریں اثناء جموں و کشمیر کی علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس نے بھی وزیر اعظم کے دورہ لاہور کا خیر مقدم کیا ۔ اعتدال پسند گروپ کے صدر نشین میر واعظ عمر فاروق نے اسے مثبت قدم قرا ر دیا جبکہ سخت گیر گروپ کے لیڈر سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ انہیں ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مثبت سوچ رکھنے والا شخص اس پر اعتراض نہیں کرے گا تاہم دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا حل ریاست کے عوام کی خواہشات کے مطابق تلاش کریں ۔

Bring Dawood Ibrahim back, then it will be a successful visit, says Shiv Sena on PM Modi in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں