سرحد پر رکاوٹ کے لئے ہندوستان ذمہ دار - ایک اور نیپالی لیڈر کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-08

سرحد پر رکاوٹ کے لئے ہندوستان ذمہ دار - ایک اور نیپالی لیڈر کا الزام

کھٹمنڈو
یو این آئی
نیپال کے وزیر اعظم کے پی اولی کے بعد کمیونسٹ پارٹی نیپال کے ایک اور لیڈر مادھو کمار نیپال نے ہند۔ نیپال سرحد پر رکاوٹ اور اس وجہ سے نیپال کے لئے پیدا ہونے والی مشکلات کے لئے ہندوستان کو مورد الزام ٹھہرایا ہے اور وادی کے عوام سے بہکاوے میں نہ آنے کی اپیل کی ہے۔ نیپال کے سابق وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی نیپال( یونائٹیڈ مارکسی لینن) کے سینئر لیڈر مادھو کمار نیپال نے کل ہندوستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ سرحد پر مال کی نقل و حمل میں خلل ڈال کر نیپال کو غیر ضروری طور سے سزا دے رہے ہیں ۔ انہوں نے اپنی پارٹی کی ایک یونٹ کی جانب سے منعقد ایک میٹنگ میں کہا کہ پابندیوں کی وجہ سے نیپال کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے پوچھا نیپال میں نیا دستور منظور کئے جانے سے ہندوستان کو کیوں تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے دستور کو بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا ہے ، اس لئے اس پر کسی بھی قسم کے احتجاج کو قبول نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ہندوستان خود اچھے پڑوسی کی اپنی شبیہ خراب کررہا ہے۔ انہوں نے مدھیسی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی قسم کے بہکاوے میں نہ آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ مدھیسی پارٹیاں انتخابات میں شکست کھاجانے کی وجہ سے دستور کی مخالفت کررہی ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں