مالیگاؤں دھماکہ کیس - سادھوی پرگیہ ٹھاکر کی درخواست ضمانت مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-08

مالیگاؤں دھماکہ کیس - سادھوی پرگیہ ٹھاکر کی درخواست ضمانت مسترد

ممبئی
یو این آئی
ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے آج یہاں مہاراشٹرا کے شہر مالیگاؤں میں2008ء میں ہوئے بم دھماکہ کیس کی اہم ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی درخواست ضمانت مسترد کردی ۔ سادھوی کی درخواست ضمانت کے خلاف جمعۃ علماء مہاراشٹرا( ارشد مدنی) نے بطور مداخلت کارعرضداشت داخل کی تھی جسے عدالت نے منظور کیا اور اسی کے سبب آج ملک میں سب سے پہلے بے نقاب ہوئے دہشت گردی کے زعفرانی چہرہ کو عدالت میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔ سادھوی نے درخواست ضمانت ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں داخل کی تھی جس کی سماعت کے دوران خصوصی جج ٹیکولے نے اپنے حکم میں کہا کہ بادی النظر میں ملزمہ کے خلاف ثبوت و شوائد موجود ہیں لہذا درخواست کو نا منظور کیاجاتا ہے ۔ ملزمہ سادھوی نے اپنی درخواست ضمانت میں کود کو جھوٹے مقدمہ میں پھنسائے جانے کا دعوی کیا تھا اور کہا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں سے وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے نیز وہ متعدد امراض میں مبتلا ہے اور چلنے پھرنے سے قاصر ہے ۔ اپنی درخواست ضمانت میں سادھوی نے انسانی بنیادوں پر بھی رہائی کی درخواست کرنے کے علاوہ یہ بھی دلیل پیش کی تھی کہ اس معاملہ میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے اور تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وکیل استغاثہ نے سادھوی کی درخواست کی مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ ملزمہ نے ان دھماکوں میں کلیدی رول ادا کیاتھا ۔ اور اس کی ضمانت پر رہائی مقدمہ پر اثر انداز ہوگی۔

Malegaon blast: Sadhvi Pragya's bail plea rejected

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں