مصر میں روس کا مسافر طیارہ تباہ - 224 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-01

مصر میں روس کا مسافر طیارہ تباہ - 224 ہلاک

قاہرہ
پی ٹی آئی
مصر کے سینائی جزیرہ نما کے ایک پہاڑی علاقہ میں ایک روسی ایر بس طیارہ تباہ ہوگیا جس پر سوار تمام224افراد بشمول ارکان عملہ ہلاک ہوگئے ، داعش نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ مصر میں داعش کی شاخ نے جس نے سینائی میں کئی حملے کئے ہیں دعویٰ کیا کہ اس نے طیارہ کو مار گرایا لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ ایسا کس طرح کیا گیا ۔ تنظیم نے ادعا کیا کہ خلافت کے سپاہی ایک روسی طیارہ کو مار گرانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور یہ شام میں داعش پر روس کے حملوں کا انتقام ہے۔ تاہم روس کے وزیر ٹرانسپورٹ نے انٹر فیکس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ داعش کے دعوے کو صحیح نہیں سمجھا جاسکتا۔ طیارہ کی تباہی کی وجہ کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا لیکن سیکورٹی اور ہوا بازی عہدیداروں نے ابتدائی تجزیہ سے پتہ چلا یا ہے کہ طیارہ تکنیکی وجوہات کے باعث تباہ ہوا۔ مصر کے وزیر اعظم شریف اسماعیل نے کہا کہ جب تک بلیک باکس کا تجزیہ نہیں کیاجاتا، طیارہ کی تباہی کی وجہ معلوم کرنا ناممکن ہے لیکن انہوں نے کہا کہ تباہی کے پیچھے کسی بے قاعدہ سر گرمیوں کیا شبہ نہیں ہے ۔ مصر کے ہوا بازی عہدیدارون نے کہا کہ انہیں طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے ۔ اس دوران روس کے صدر ولادیمیر پوٹین نے ٹیلی فون پر مصر کے ہم منصب عبدالفتاح السیسی سے بات چیت کی اور طیارہ کے حادہ کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر السیسی نے ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور تحقیقات میں روسی ماہرین کی شمولیت کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ۔ قبل ازیں مصر کے سیکوریٹی عہدیداروں نے توثیق کردی ہے کہ طیارہ میں سوار مسافرین اور سات ارکان عملہ میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا ۔ مقام حادثہ سے100نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں ۔ تمام مسافرین اور ارکان عملہ روسی شہری تھے ۔ مصر کے شہری ایر پورٹ ریگولیٹر کے چیر مین عبدالمبجوب نے یہ بات بتائی۔ مصری ایر ٹریفک کنٹرول نے بحر احمر کے ساحلی شرم الشیخ سےA321کے اڑان بھرنے سے تیس منٹ بعد رابطہ کھودیا ۔ یہ پرواز آج صبح سینٹ پیٹر سبرگ کے لئے روانہ ہوئی تھی ۔ مصر کے وزیر اعظم شریف اسماعیل کے دفتر نے مسافر بردار طیارہ کے وسطی سینائی میں گر کر تباہ ہونے کی توثیق کی ہے۔ طیارے کی تباہی کے اسباب ووجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ۔ لیکن ابتدائی اندازوں میں سیکوریٹی اور ہوا بازی کے عہدیداروں نے اشارہ دیا ہے کہ روسی طیارہ تکنیکی وجوہات کے سبب حادثہ کا شکار ہوا ۔ مصر کی وزارت شہری ہوا بازی نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی طیاروں نے مسافر بردار طیارے کے ملبہ کا پہاڑی علاقہ میں پتہ چلا لیا ہے ۔ مصر کے پراسکیویٹر جنرل نبیل صادق نے حکم دیا ہے کہ نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد روسی سفارتخانہ کو بھیجی جائیں جو ان کے مقام تک واپس بھیج دے گا۔ طیارہ سے آخری رابطہ اس وقت ٹوٹا جب وہ 30ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔

Russian plane crashes in Sinai, killing all 224 people on board

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں