فیس بک صارف از خود اپنی ذہنی حالت کا ترجمان - تازہ تحقیق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-29

فیس بک صارف از خود اپنی ذہنی حالت کا ترجمان - تازہ تحقیق

ٹورنٹو
یو این آئی
ایک تازہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک سے استفادہ کرنے والے از خود اپنی ذہنی حالت کا ترجمان بن جاتے ہیں۔ فیس بک استعمال کرنے والے اپنے اندر موجد حسد اور خود پسندی کے جذبہ کو چھپا نہیں پاتے ۔ تحقیق میں ڈپریشن اور اضطراب کے اسباب و وامل کی جستجو سے آگے بڑھتے ہوئے ان محرکات پر غور کیا گیا ہے جو کسی کو بھی اپنے بہترین گزارے ہوئے وقت کی تصاویر فیس بک پر پوسٹ کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ اس تحقیق میں حسد کا جذبہ ایک لاپتہ لنک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔ جرنل انفارمیشن سسٹم ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق میں یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا( کناڈا) کے مرکزی تحقیق کا ر پروفیسر آئزک بین باسات کے مطابق حسداور خود پسندی دو ایسے جذبات ہیں جو فیس بک صارفین کو یہ باور کراتے ہیں کہ جب تک موازنہ و مقابلہ نہ ہو، ان کی زندگیاں ادھوری ہیں اور یہی چیز ایسی تصاویر پوسٹ کرنے کا باعث بنتی ہیں جن میں صارفین اپنے آپ کو بہترین بنا کر پیش کرتے ہیں ۔ آئزک بین باسات کا کہنا تھا کہ ٹریول فوٹوز( سفری تصاویر) فیس بک حسد کی سب سے بڑی وجہ ہیں، جو لوگوں کو اپنی سب سے بہترین تصاویر پوسٹ کرنے پر اکساتی ہیں ۔ مزید یہ کہ زندگی کو غیر حقیقی طور پر پیش کرنے کی خواہش کا مقصد دوسروں کو رشک یا حسد میں مبتلا کرنا نہیں بلکہ مقابلہ اور اپنے آپ کو بہترین انداز میں پیش کرنا ہے ۔ اسی کے ساتھ انہوں نے یہ وارننگ بھی دی ہے کہ لوگ اپنی فلاح و بہبود اور بہتری پر اس چیز کے اثر کو بھی ذہن میں رکھیں ۔ تحقیق کے سلسلہ میں آئزک اور ان کے ساتھیوں نے جرمن یونیورسٹی میں1,193فیس بک صارفین کا سروے کیا اور نتائج سے یہ بات اخذ کی کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کی فعالیت حسد کو بڑھانے والے رویوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور اسے تبدیل کرنے کا امکان نہیں ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں