گاؤ کشی پرپابندی لگانے نئے قانون کے لئے درخواست - دہلی ہائیکورٹ میں مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-07

گاؤ کشی پرپابندی لگانے نئے قانون کے لئے درخواست - دہلی ہائیکورٹ میں مسترد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی ہائی کورٹ دہلی اور قومی دارالحکومت خطہ( این سی آر) میں گاؤ کشی اور گائے کے گوشت اور اس سے متعلق اشیاء کی فروخت پر پابندی کے لئے نیا قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست پر آج یہ کہتے ہوئے سماعت سے انکار کردیا کہ درخواست پر غور کرنے کا صحیح جواز نہیں ہے ۔ درخواست گزار سوامی سنندر چکر دھاری نے اپنی درخواست میں عدالت سے اپیل کی تھی ک دہلی این سی آر میں گاؤ کشی اور گائے کا گوشت اور ایسے ہی دیگر اشیاء کی فروخت پر پابندی لگانے کے لئے یہاں بھی جموں و کشمیر میں نافذ رنبیر پیانل کو ڈ جیسا ہی قانون لاگو کیاجائے ۔ اس قانون کے تحت گائے اور بیل وغیرہ کو مارنا قابل سزا جرم ہے جس کے تحت10سال تک کی سزا اور جرمانہ کا بندوبست ہے ۔دہلی کی عام آدمی پارٹی کی جانب سے عدالت کو یہ اطلاع دئیے جانے کے بعدکہ دہلی میں گائے کے تحفظ کے لئے پہلے ہی سے دہلی زرعی مویشی تحفظ قانون نافذ ہے چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس جینت ناتھ کی بنچ نے درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کردیا ۔ عدالت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ اس تعلق سے کوئی نیا قانون نافذ کرنے کا حکم نہیں دے سکتے ۔ اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ مرکزی اور ریاستی حکومت ہی کرے گی ۔ قابل ذکر ہے کہ کیرالا بھون تنازعہ کے بعد سے دہلی میں گائے کا گوشت یا ایسے دیگر مویشیوں کے گوشت کی مبینہ فروخت پر پابندی لگانے کے مطالبہ پر وشوا ہندو پریشد سمیت کئی زعفرانی تنظیمیں آواز اٹھار ہی ہیں۔

HC dismisses PIL for law banning cow slaughter, beef sale

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں