یو این آئی
پیرس میں دہشت گرد انہ حملوں کے تناظر میں آج قومی دارالحکومت نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں صیانتی انتظامات کو سخت کردیا گیا ۔ لیفٹننٹ گورنر کے دفتر کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کی جانب سے راج نواس میں سیکوریٹی صورتحال پر منعقد ایک جائزہ اجلاس میں دہلی میں سیکوریٹی انتظامات کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس میٹنگ میں پولیس کے تمام سینئر عہدیدار،اسپیشل سی پی ویملا مہرا ، کمشنر اڈمنسٹریشن دھرمیندر کمار کمشنر کو آرڈینیشن دیپک مشرا ، کمشنر ٹریفک سریواستو، پولیس اسپیشل سیل کے اروند دیپ، اسپیشل کمشنر آپریشنس ، ایس ایس نندا و دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہوشیار رہنے اور چوکسی میں اجافہ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ جائزہ میٹنگ میں دہلی میں کئی مقامات پر ریپڈ ایکشن فورس تعینات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلہ کے پیش نظر بھی چوکسی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ دہلی پولیس کے مطابق ریلوے اسٹیشن، ہوائی اڈے ، ہوٹلوں ، سرکاری عمارتوں ، بڑے مال اور تجارتی اداروں کی چوکسی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ راجدھانی کی سرحدوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نہایت ہوشیار رہنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ یہ حملہ ممبئی حملے سے ملتا جلتا ہونے کی وجہ سے سیکوریٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر پولیس سیکوریٹی میں اضافہ کی ہدایت دی ہے ۔ پیرس میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں تقریبا150افراد کے مارے جانے کی خبر ہے ۔ یہ حملہ شہر کے کئی مقامات پر ایک ساتھ کیا گیا۔ دلی پولیس کے مطابق خصوصی احتیاطی اقدامات کے تحت دہلی کی سرحدوں پر خاص طور پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ شہر میں تعینات سبھی پولیس دستوں سے بھیڑبھاڑ والے مقامات پر سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کہ اگیا ہے۔ اہم ریلوے اسٹیشنوں ، ہوائی اڈوں اور تجارتی اداروں پر سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق دہشت گردانہ حملوں سے نپٹنے کے لئے تربیت یافتہ دہلی پولیس کی خصوصی سیل کو بھی احتیاطی اقدامات کرنے کے لئے کہا گیا ہے اور ساتھ ہی کرائم برانچ سے بھی مدد لی جارہی ہے ۔ اس درمیان خبر ہے کہ سیکوریٹی ایجنسیوں نے بھی پولیس فورس کو پوری طرح ہوشیار رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی سیکوریٹی چوک نہ ہوسکے ۔ اس کے لئے شہر کے تمام اعلیٰ پولیس حکام کی خصوصی میٹنگ طلب کی گئی تھی اور پیرس حملے سے پیدا ہوئے حالات کے پیش نظر آئندہ کی حکمت عملی تیار کی گئی ۔ دہلی کے علاوہ پورے ملک میں بھی پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے ۔
In wake of Paris attacks, Delhi Police tighten security
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں