کانگریس پر علیحدگی پسندوں کی حوصلہ افزائی کا الزام - اکالی دل سربراہ سکھبیر بادل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-22

کانگریس پر علیحدگی پسندوں کی حوصلہ افزائی کا الزام - اکالی دل سربراہ سکھبیر بادل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ڈپٹی چیف منسٹر پ نجاب سکھبیر سنگھ بادل نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ علیحدگی پسند طاقتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پنجاب میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ بادل نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امرتسر میں ایک حالیہ اجلاس میں کانگریس قائدین ، ریاڈیکل اور علیحدگی پسند عناصر کے ساتھ شریک ہوئے، جس میں خالصتان کا مطالبہ اٹھایا گیا ۔ بادل نے جو پنجاب میں حکمراں شرومنی اکالی دل بادل کے صدر بھی ہیں ، صدر جمہوریہ پرنب مرجی سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ پارٹی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اس کی مسلمہ حیثیت ختم کردی جانی چاہئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی کی زیر قیادت کانگریس پنجاب میں وہی ماحول پیدا کرنا چاہ رہی ہے جو عسکریت پسندی کے دور میں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں انہوں نے وزارت داخلہ کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے ۔ کانگریس کا رول بے نقاب ہوچکا ہے ۔ اس کے قائدین10نومبر کو امرتسر میں ایک ایسے جلسے میں شریک ہوئے جس میں علیحدہ ریاست خالصتان کا مطالبہ اٹھایا گیا ۔ انہوں نے سکھوں کے مذہبی اجتماع سربت خالصہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے بینت سنگھ قتل کیس کے مجرم کو اس کا جتھے دار بنایا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سوشل میدیا پر پیش کئے جانے والے ویڈیوز میں کانگریس قائدین کو علیحدگی پسندوں کو یہ ہدایات دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ کیا کہا جائے اور یہ کہ انہوں نے اس جلسہ کے انعقاد میں مدد کی ہے ۔ یو این آئی کے بموجب پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر پنجاب کا ماحول خراب کرنے کا الزام عائد کیا ۔ سکھبیر سنگھ بادل نے الزام لگایا کہ حالیہ دنوں میں پنجاب میں جو واقعات پیش آئے ہیں وہ کانگریس کی ساز ش کا نتیجہ تھے ۔ بادل نے کہا کانگریس راہل گاندھی کی قیادت میں پنجاب میں ویسا ہی ماحول بنانا چاہ رہی ہے جیسا کہ انیس سو اسی کی دہائی میں تھا ۔ کانگریس نے بادل کے الزامات کو مسترد کردیا ہے ۔ کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے کہا کانگریس کی فطرت میں قوم پرستی ہے ۔ کوئی ہم پر انگشت نمائی نہیں کرسکتا ۔ انگلی تو ہمیشہ سے اکالی دل جیسی جماعتوں پر اٹھائی جاتی رہی ہے ۔ بادل کے الزامات پر کانگریس کے ترجمان ابھیشیک مانو سنگھوی نے ایک ٹی وی سے کہا یہ افسوسناک ہے کہ اکالی دل اس طرح کی بات کررہی ہے ۔ انہیں پنجاب میں ہارنے کا اندیشہ ہے۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے ۔ تمام الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں ۔ اکالی دل بھول گئی ہے کہ کانگریس نے اپنے سرکردہ قائدین کو انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں کھویا ہے ۔ سکھبیر بادل نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی ایسی تنظیموں کے ساتھ مل کر پنجاب میں اتحاد قائم کررہے ہیں جو کھلے طور پر علیحدگی پسند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی حمایت حاصل ہے ۔ سکھبیر نے الزام لگایا کہ امرتسر میں سکھوں کے لئے مختلف علاقاہ کا مطالبہ کرنے والی ریلی کے پیچھے کانگریس تھی ۔ انہوں نے کہا میں راہل گاندھی سے پوچھنا چاہوں گا کہ انہوں نے ریلی میں شامل کانگریس لیڈروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی؟ سکھبیر بادل کا کہنا ہے کہ امرتسر میں ہوئی سربت خالصہ میں علیحدہ خالصتان کی مانگ کی گئی۔ سکھبیر بادل نے الزام عائد کیا کہ امرتسر میں منعقدہ سکھوں کے سر بت خالصہ میں کیا قرار دادیں منظور کی جائیں ، اس کی کانگریس نے ہدایت کی تھی ۔ واضح رہے کہ دس نومبر کو امرتسر میں منعقدہ سکھوں کے سربت خالصہ کے زیر عنوان ایک بڑا مذہبی اجتماع منعقد کیا گیا تھا جس کے سربراہ کنوینر ، سمرنجیت سنگھ مان اور محکم سنگھ تھے۔ اس سربت خالصہ کو لے کر یہ تنازعہ بھی ہوا کہ اسے موجودہ اکال تخت ، جتھیدار کی رضا مندی سے طلب نہیں کیا گیا تھا ۔ جب سکھبیر بادل سے پوچھا گیا کہ کیا آپ ریلی کرنے والوں کو گرفتار کریں گے تو انہوں نے کہا کہ ہر ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Sukhbir Badal Accuses Congress of Encouraging Secessionists in Punjab

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں