اسد الدین اویسی کے ہاتھوں فاطمہ اویسی ویمنس کالج کیمپس کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-22

اسد الدین اویسی کے ہاتھوں فاطمہ اویسی ویمنس کالج کیمپس کا سنگ بنیاد

حیدرآباد
اعتماد نیوز
بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اور صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے آج بنڈلہ گوڑہ میں فاطمہ اویسی ویمنس کالج کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی و صدر نشین سالار ملت ایجوکیشن ٹرسٹ ، جناب نور الدین اویسی ٹرسٹی سالار ملت ایجوکیشن ٹرسٹ، مجلس کے ارکان اسمبلی جعفر حسین معراج، کوثر محی الدین، جناب الطاف حیدر رضوی رکن قانون ساز کونسل، جناب نسیم عارفی ایڈیٹر روزنامہ اعتماد، جناب عزیز احمد جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ اعتماد ، مجلس کے سابق اراکین بلدیہ مرزا مصطفی بیگ سلیم، صمد بن عبدات ، ڈاکٹر یوسف نقشبندی، منصور عولقی ، قوی انصاری، ممتاز علی ، سرگرم کارکن صابر بن تاب کے علاوہ محترمہ عائشہ روبینہ ڈائرکٹر اویسی اسکول آف اکسیلنس و دیگر موجود تھے ۔ سالار ملت ؒ ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت لڑکیوں کے لئے جونیر اور ڈگری کالج کا یہ کیمپس نوری شاہ تالاب کے دامن میں تعمیر کیاجارہا ہے۔ 9منزلہ وسیع و عریض عمارت تعمیر کی جارہی ہے جس میں16بڑے لیکچر ہالس رہیں گے ۔ 70ہزار مربع فٹ پر مشتمل اس عمارت میں دس ہزار فٹ کی لائبریری اور کمپیوٹر لیب تعمیر کیاجائے گا۔ جس میں بیک وقت سینکڑوں طالبات مطالعہ کرسکیں گی اور کمپیوٹر کی تربیت حاصل کرسکیں گی ۔ جونیر کالج میں ایم پی سی، بائی پی سی، سی ای سی اور ایم ای سی جب کہ ڈگری کالج میں بی ایس سی ، بائیوٹکنالوجی ، بی کام اور بی اے کے کورسس رہین گے۔ اس کے علاوہ روزگار سے مربوط اسکل ڈیولپمنٹ اور ووکیشنل کورسس کی بھی خواتین کو تربیت دی جائے گی۔ ڈائرکٹر اویسی اسکولس آف اکسیلنس محترمہ عائشہ روبینہ نے بتایا کہ پرانے شہر میں تعلیمی انقلاب اور نوجوان لڑکے و لڑکیوں کو خود روزگار پیدا کرنے کے قابل بنانے کے لئے جناب اکبر الدین اویسی کی صدارت میں سالار ملت ؒ ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت نشیمن نگر تالاب کٹہ، جمال کالونی ،ریاست نگر ، حافظ بابا نگر، نرخی پھول باغ میں ہہ منزلہ و ہمہ مقصدی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جہاں بچوں میں بنیادی تعلیم کو عام کیاجارہا ہے وہیں خواتین کو بیوٹیشن ، مہندی ڈیزائنگ، کارچوب، ٹیلرنگ، ہینڈی کرافٹس، کمپیوٹر کورسس و دیگر کوسس کی تربیت بھی دی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بنڈلہ گوڑہ میں جو کالج کا کیمپس تعمیر کیاجارہا ہے اس میں لڑکیوں میں اعلیٰ تعلیم کو عام کیا جائے گا اور انہیں ووکیشنل کورسس کی بھی تربیت دی جائے گی۔علاوہ ازیں نرخی پھول باغ میں اویسی اسکول آف ایکسیلنس کی 7منزلہ عمارت کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے ۔ 22نومبر اتوار کو شام4:30بجے اس عمارت کا بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین افتتاح کریں گے ۔ نرخی پھول باغ کے اسکول میں نرسری ، ایل کے جی، یو کے جی میں بچوں کا داخلہ عمل میں آیا ہے ۔ اس تعلیمی سال سے ہی اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اویسی اسکول آف اکسیلنس کی تمام شاخوں میں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے ۔ اور ان میں ڈریس اور کتابیں بھی سالار ملت ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے فراہم کی جاتی ہیں ۔ ان اسکولس میں ہزاروں طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔

Asad owaisi laid stone of Fatima owaisi womens college

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں