مسئلہ کشمیر باہمی بات چیت کے ایجنڈہ میں ہمیشہ سرفہرست رہے گا - پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-03

مسئلہ کشمیر باہمی بات چیت کے ایجنڈہ میں ہمیشہ سرفہرست رہے گا - پاکستان

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
ہندوستان کے اس مطالبہ کے بعد کہ دہشت گردی ترک کرکے بات چیت شروع کی جائے ، پاکستان نے زور دے رکہا ہے کہ جموں و کشمیر کا اصل مسئلہ کسی بھی باہمی بات چیت کے ایجنڈہ میں ہمیشہ سر فہرست رہے گا۔ اس نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان بات چیت روکنے کے لئے دہشت گردی کا ہوّا کھڑا کررہا ہے ۔ پاکستان نے اپنی سر زمین پر بے چینی اور دہشت گردی کے لئے بھی ہندوستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کیمون کو تفصیلات پیش کرچکا ہے ۔ پاکستان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کل وزیر خارجہ ہند سشما سوراج کے خطاب کا جواب دینے کے لئے اپنا حق استعمال کیا۔ سوراج نے کہا تھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی تجویز کردہ چار نکاتی پہل کے بجائے پاکستان کو صرف دہشت گردی ترک کرنے کے لئے ایک مسئلہ پر توجہ دینی چاہئے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے قونصلر بلال احمد نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی کا ہوّا کھڑا کرتے ہوئے ہندوستان نے نہ صرف باہمی بات چیت روک دی بلکہ اس نے دونوں ممالک کے درمیان پورا ماحول بھی خراب کردیا۔ جموں و کشمیر کا اصل مسئلہ کھوکھلی چیخ و پکار سے پرے نہیں جاسکتا۔ یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کسی بھی بات چیت کے ایجنڈہ میں سر فہرست رہا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی تجویز کردہ سنجیدہ امن پہل کو نظر انداز کرنا ہندوستان کی نامناسب کوشش ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان کل سکریٹری جنرل کو تفصیلات پیش کرچکا ہے جنہیں انہوں نے ہندوستان کے ملوث ہونے کا ثبوت قرار دیا ۔ بلال احمد نے کہا کہ ان میں بلو چستان اور کراچی میں ہندوستان کی مبینہ مداخلت اور دہشت گردی کی مدد اور تحریک طالبان سے اس کی انٹلی جنس ایجنسیوں کے بالخصوص وفاقی زیر انتظام قبائلی علاقوں میں روابط کی تفصیلات درج ہیں ۔ اقوام متحدہ میں نواز شریف کے مسئلہ کشمیر اٹھانے کے دوسرے دن سشما سوراج نے ہندوستانی ریاست جموں و کشمیر کے حصہ پر غیر قانونی قبضہ کا مسئلہ اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ اس قبضہ کو جائز ٹھہرانے کے لئے وہاں سے دہشت گرد حملے کرائے جاتے ہیں۔ بلال احمد نے کہا کہ ہندوستان نے بات چیت پر آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے شرائط عائد کیں حالانکہ وہ جانتا تھا کہ یہ پاکستان کو قبول نہیں ہوں گی ۔ آئی اے این ایس کے بموجب پاکستان نے اس کے داخلی امور میں ہندوستان کی مداخلت کی تفصیلات اقوام متحدہ کو پیش کردی ہیں ۔ اس کے قومی مشیر سلامتی سرتاج عزیز نے یہ بات بتائی۔پاکستان کی نمائندہ برائے اقوام متحدہ ملیحہ لودھی نے دستاویز ، بان کیومن کو سونپیں جن میں خیبر پختونخوا بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی میں ہندوستان کے ملوث ہونے کا ثبوت موجود ہے ۔ اخبار دی نیشن نے عزیز کے حوالہ سے جمعرات کو یہ اطلاع دی ۔ اخبار ڈان نے شریف کے حوالہ سے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم یہ تفصیلات وزیر اعظم ہند کو سونپتے اگر ان کی ملاقات ہوئی ہوتی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں