جلال آباد میں امریکی ٹرانسپورٹ طیارہ تباہ - 11 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-03

جلال آباد میں امریکی ٹرانسپورٹ طیارہ تباہ - 11 ہلاک

واشنگٹن، کابل
پی ٹی آئی
افغانستان میں پاکستان کی سرحد سے متصل مشرقی صوبہ جلال آباد میں امریکہ کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ سی۔130گر کر تباہ ہوگیا ۔ اس میں6امریکی فوجیوں سمیت11افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ دوسری جانب افغان طالبان نے امریکی طیارہ کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ امریکہ کا یہ طیارہ کل شب مقامی وقت کے مطابق7:30بجے گر کر تباہ ہوگیا ۔ امریکی فوج کے کرنل برین ٹرائبس کے حوالہ سے میڈیا میں خبر ہے کہ طیارہ میں پانچ سویلین کنٹراکٹر موجود تھے ۔ واقعہ میں عملہ کے اراکین اور مسافر سبھی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ کہاجاتا ہے کہ سویلین کنٹراکٹر افغانستان میں ناٹو کے تحت ٹریننگ مشن کا حصہ تھے ۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ڈان کے مطابق ٹویٹر پر اپنے پیام میں کہا کہ ہمارے جنگجوؤں نے امریکی طیارہ کو جلال آباد میں حملہ کرکے گرایا ہے ۔ طیارہ کے گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں ہے تاہم امریکی عہدیداروں نے کہا کہ جس وقت طیارہ گر کر تباہ ہوا علاقہ میں کسی بھی قسم کی مخالفانہ سر گرمیوں کی اطلاع نہیں تھی ۔ اس لئے بظاہر اس جہاز کو گرانے میں دشمن کا ہاتھ نہیں ہے ۔ امریکی فوج نے اسے محض ایک حادثہ قرار دیا اور زیادہ تفصیل نہیں بتائی ہے۔ سی۔130کا استعمال فوج کے سپاہیوں اور سازو سامان لے جانے کے لئے کیاجاتا ہے ۔ پنٹگان نے ایک بیان میں بتایا کہ طیارہ کے حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم طالبان نے بتایا ہے کہ ہمارے مجاہدین نے چار انجن کے اس طیارہ کو مار گرایا ہے ۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب کہ طالبان نے قندوز نامی اہم شہر پر قبضہ کررکھا تھا اور اس شہر کو واپس لینے کے لئے افغان فوج نے بڑے پیمانہ پر کارروائی شروع کی تھی ۔ افغانستان میں تعینات امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اسے ایک حادثہ قرار دیا گیا ہے ۔

Jalalabad Crash Kills 11 on Military Plane

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں