ٹرانسپورٹرس کی ملک گیر ہڑتال دوسرے دن میں داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-03

ٹرانسپورٹرس کی ملک گیر ہڑتال دوسرے دن میں داخل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ٹول سسٹم کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرس کی سب سے بڑی یونین اے آئی ایم ٹی سی کی جانب سے ملک بھر میں جاری ٹرک ہڑتال آج دوسرے دن بھی جاری ہے ۔ جس کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں اشیاء کی سربراہی متاثر ہوئی ہے ۔ اشیائے ضروریہ جیسے دودھ، ترکاریاں اور ادویات کو ہڑتال کے دائرہ سے باہر رکھا گیا ہے ۔ ہڑتال کا اثر ٹاملناڈو، راجستھان، پنجاب ، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے علاوہ دیگر علاقوں میں دکھائی دینے لگا ہے ۔ آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس کے صدر بھیم وادھوا نے بتایا کہ ہم اس وقت تک ہڑتال جاری رکھیں گے جب تک حکومت ہمارے مسئلہ کا عملی حل تلاش نہیں کرلیتی ۔ ہم ٹول ادا کرنے کے خلاف نہیں ہیں ، لیکن ہم اسے سالانہ شکل دینے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ حکومت نے الکٹرانک ٹال کلکشن سسٹم شروع کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن ابھی تک اسپر عمل نہیں کیا گیا ہے ۔ ٹرک مالکین کی ہڑتال کل صبح چھ بجے سے شروع ہوئی تھی جس سے اب تک20ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوچکا ہے ۔جب کہ حکومت کو تین ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ حکومت نے اپنا موقف تبدیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تول کلکشن سسٹم کو ختم نہیں کرسکتی ۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈ کری نے کل کہا کہ اب ٹرک مالکین پر منحصر ہے کہ وہ ہڑتال جاری رکھیں یا نہیں حکومت ٹول سسٹم ختم کرنے والی نہیں ہے ۔ ہم نے یکم دسمبر سے ملک بھر میں الکٹرانک ٹول سسٹم پر عمل کرنے کا یقین دیا ہے ۔ تاہم انہوںنے ٹرک مالکین سے ہڑتال ختم کرنے کی بھی اپیل کی ۔ اے آئی ایم ٹی سی کا دعویٰ ہے کہ 87لاکھ ٹرک اور20لاکھ بسیں اور ٹیمپو ملک بھر میں ہڑتال میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹرک مالکین کی ایک اور یونین آل انڈیا ٹرانسپورٹ ویلفیر اسوسی ایشن نے ہڑتال سے دوری اختیار کرنے کااعلان کیا ہے ۔ اے آئی ایم ٹی سی کا کہنا ہے کہ حکومت ٹول کے طور پر نیشنل پرمٹ رکھنے والے ٹرکوں سے سالانہ30ہزار روپے بین ریاستی ٹرکوں سے سالانہ10ہزار روپے وصول کرے اور انہیں ٹول گیٹس پر نہ روکے جب کہ حکومت اس کے لئے تیار نہیں ہے ۔

Transporters nationwide strike enters second day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں