رائٹر
جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے پناہ گزینوں سے متعلق برلن حکومت کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی برقرار رکھی جائے گی اور ان کا ملک پناہ گزینوں کے لئے اپنے دروازے بند نہیں کرے گا ۔ جرمن چانسلر نے پناہ گزینوں سے متعلق بحران سے نمٹنے کے حوالے سے کہا کہ ہم یہ کرلیں گے ۔ ان کے بقول وہ اس بحران کا حل تلاش کرنے کے حوالے سے پر اعتماد ہیں اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے جرمنی میں حالات بہت سازگار ہیں ۔ جرمن چانسلر نے یہ بات کل شب ایک ٹیلی ویژن انٹر ویو کے دوران کہی۔ یہ امر اہم ہے کہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق پناہ گزینوں کے بحران کے تناظر میں جرمن چانسلر کی پالیسی کی وجہ سے ملکی سطح پر ان کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مرکل کو اپنی سیاسی جماعت کرسچن ڈیمو کریٹک پارٹی اور بالخصوص ریاست باویریا میں اس کی اتحادی جماعت کرسچن سوشیل یونین کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا ہے ۔ انٹر ویو کے دوران مرکل نے کہا کہ جب آپ کوئی کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یقین کے ساتھ کہہ سکتی ہیں کہ برلن حکومت اس بحران سے نمٹنے میں کامیاب رہے گی ، موجودہ بحران کا حل آسان نہیں اور نہ ہی اب یہ ممکن ہے کہ جرمنی کی سرحد بندی کردی جائے تاکہ وہ جرمنی آنے کا فیصلہ ترک کردیں ۔ انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ پناہ گزینوں کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر کارروائی کا عمل صحیح انداز میں ہو اور ان کو مختلف یورپی ممالک میں منصفانہ بنیادوں پر تقسیم کیاجائے ۔ واضح رہے کہ کل جمعہ کو نوبل انعام کا اعلان کیاجانا ہے اور اس سلسلہ میں پیشن گوئیاں کی جارہی ہیں کہ پناہ گزینوں سے متعلق اپنی فراخ دلانہ پالیسی اور مشرقی یوکرین میں جنگ بندی کے لیے کوششوں کی وجہ سے انجیلا مرکل اس انعام کی حقدار قرار دی جاسکتی ہیں ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں