فرقہ وارانہ واقعات پر وزیر اعظم کا صرف اظہار تاسف کافی نہیں - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-16

فرقہ وارانہ واقعات پر وزیر اعظم کا صرف اظہار تاسف کافی نہیں - کانگریس

نئی د ہلی
یو این آئی
دادری واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ وزیر اعظم کو اس شرمناک واقعہ پر اظہار تاسف سے آگے بڑھنے اور ان بی جے پی ارکان پارلیمنٹ اور مرکزی وزراء کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے اپنے بیانات سے ماحول کو خراب کیا ہے۔ اے آئی سی سی کے سینئر ترجمان آنند شرما نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صرف یہ کہہ دینا کہ یہ (دادری واقعہ) افسوسناک اور قابل تاسف ہے، کافی نہیں ہے ۔ وزیر اعظم کو ملک میں فرقہ وارانہ واقعات پر اظہار تاسف سے آگے بڑھنے اور ان بی جے پی قائدین اور مرکزی وزراء کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے ملک میں ماحول خراب کیا ہے ۔ ایک روزنامہ کو انٹر ویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کل کہا تھا کہ دادری واقعہ افسوناک اور قابل تاسف ہے ، تاہم انہوں نے کہا تھا کہ مرکز کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ۔ شرما نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیان نے ان کے عہدہ کے وقار کو گھٹا دیا ہے ۔ کل دیے گئے اس بیان کے بعد وزیر اعظم کے عہدہ کی ساکھ گھٹ گئی ہے۔ وزیر اعظم کا بیان بی جے پی، ارکان پارلیمنٹ اور وزراء کی حوصلہ افزائی کی واضح علامت ہے ۔ وزیر اعظم کے اس بیان پر کہ دادری واقعہ نظم و ضبط سے متعلق معاملہ ہے ، جو ریاستی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے، شرما نے کہا کہ فرقہ وارانہ واقعات نظم و ضبط کا مسئلہ نہیں ہوتے ، یہ آوازوں کو دبانے کے وسیع تر ایجنڈا کا حصہ ہوتے ہیں ۔ این ڈی اے حکومت پر ادیبوں کی جانب سے آزادی اظہار پر بڑھتی پابندیوں اور فرقہ وارانہ واقعات میں اضافہ پر ظاہر کی گئی تشویش پر بے حسی کا مظاہرہ کرنے پر شرما نے کہا کہ جمہوریت میں حکومت کا فرض ہے کہ وہ ادیبوں کی شکایات کو سنے اور ان پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرے ۔

Congress dismisses PM Narendra Modi's response on Dadri incident

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں