ڈاکٹر عبدالکلام کا 84 واں یوم پیدائش - مجسمہ کی نقاب کشائی و یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-16

ڈاکٹر عبدالکلام کا 84 واں یوم پیدائش - مجسمہ کی نقاب کشائی و یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے84ویں یوم پیدائش کے موقع پر سابق صدر جمہوریہ اے پی جیعبدالکلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالکلام ہمیشہ نئے چیلنجس سے مقابلہ کے لئے تیار رہے اور ان کی زندگی تمام ہندوستانیوں کے لئے تحریک کا ذریعہ ہے ۔ انہوں نے ٹاملناڈو میں عبدالکلام کی جائے پیدائش پر ایک یادگار کی تعمیرکرانے کا اعلان بھی کیا ۔ نریندر مودی نے کہا کہ عالمی دانشوروں اور سیاستدانوں کو دو گروپ میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ۔ ایک گروپ تو وہ ہے جو ایسے افراد پر مشتمل ہے وج ہمیشہ مواقع کی تلاش میں رہتے ہیں جب کہ دوسرا گروپ چیلنجس کی تلاش میں رہتا ہے ۔ عبدالکلام کا تعلق دوسرے گروپ سے ہے ۔ وہ زندگی کے آخری لمحہ اور سانس تک چیلنجس کی تلاش میں رہے ۔ اے پی جے عبدالکلام کا انتقال27جولائی کو ہوا۔ نریندر مودی نے ان کے84ویں یوم پیدائش کے موقع پر ترتیب دی گئی ایک مجلس خراج عقیدت سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ اے پی کے عبدالکلام راشٹرپتی بننے سے قبل راشٹر رتن تھے۔ سابق صدر کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے مودی نے یہ بھی کہا کہ ان کی موت سے پیدا خلاء کو صرف ان کی تعلیمات اور حقیقی جوش و جذبہ کی پیروی سے ہی پرکرنا ممکن ہے۔ عہدہ صدارت سے سبکدوشی کے فوری بعد انہوںنے پیشہ درس و تدریس اختیار کیا ۔ یہ تو صرف ورثہ میں ملے عزم سے ہی ممکن ہے ۔ نریندر مودی نے بتایا کہ یادگار کی تعمیر کے لئے ان کے مقام پیدائش رامیشورم میں ایک قطعہ اراضی بھی حاصل کرلیا گیا ہے اور یادگار( مجسمہ) کے ڈھانچہ اور خاکہ سازی پر تبادلہ خیال کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے نوجوان سائنسدانوں کو ڈاکٹر عبدالکلام سے تحریک حاصل کرنی چاہئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔ قبل ازیں مودی نےA Celebration For Dr. Kalam'sکے زیر عنوان ایک فوٹو ایگزیبیشن( تصویر کی نمائش) کا افتاح بھی کیا۔ انہوں نے ادارہ دفاعی تحقیق و ترقی ڈی آر ڈی او بھون میں ایک سروسینہ مجسمہ کی نقاب کشائی بھی انجام دی ۔ اس مجلس میں شریک ممتاز شخصیتوں میں وزیر دفاع منوہر پاریکر ، وزیر شہری ترقیاتی ایم وینکیا نائیڈو وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹکنالوجی روی شنکر پرساد اور وزیر سائنس و ٹکنالوجی ہرش وردھن شامل ہیں ۔ مودی نے اپنی ٹوئٹر سائٹ پر تحریر کیا کہ ہم سائنسداں ، دانشور اور صدر جمہوریہ ہند کی حیثیت سے عبدالکلام کی حصولیابیوں اور ناقابل فراموش خدمات کا جشن مناتے ہوئے لاکھوں سلام بھیجتے ہیں ۔ وہ تعلیم اور درس و تدریس کے رسیا تھے۔ ڈاکٹر کلام نے نوجوان اور کمسن ذہنوں کو فکر و اختراع کی تحریک سے سرشار کیا ہے ۔ آج وہ ہمارے درمیان نہیں رہے تاہم ان کے افکار و نظریات اور نئے ہندوستان سے متعلق ان کے خواب ہمارے ذہنوں میں ہمیشہ جاگزیں رہیں گے ۔ ڈاکٹر عبدالکلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے راشٹر پتی بھون میں بھی ایک مجلس کا اہتمام ہوا ۔ ایوان صدر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی فی الحال اسرائیل اور فلسطین کے دورہ پر ہیں تاہم ان کی منجانب ڈاکٹر کلام کے ایک پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔

PM Narendra Modi pays tribute to APJ Abdul Kalam on 84th birth anniversary, calls him rashtra ratna

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں